اوباما نے ایران کو جوہری ہتھیار کیلیے اربوں ڈالرز دیئے؟ ٹرمپ کے بیان کی حقیقت کیا ہے؟

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر باراک اوباما نے ایران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے 220 ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔

صدر ٹرمپ کے اس تشویشناک بیان نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کرلی کیوں امریکا میں کسی کی بھی حکومت رہی ہو ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں پالیسی ہمیشہ سخت اور یکساں رہی ہے۔

دراصل عمر رسیدہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اس بیان میں کئی چیزوں کو ملادیا ہے جس کی وجہ ان کی کمزور پڑتی یاداشت بھی ہوسکتی ہے اور سیاسی حریف ہونا بھی ممکن ہے۔

اگر اوباما کے دور کا جائزہ لیا جائے، حقائق کو چھانا جائے اور اقدامات کو پرکھا جائے تو یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ ٹرمپ شاید کسی مغالطے کا شکار ہوگئے ہیں۔

اوباما کے دور میں 2015 میں ایران نیوکلیئر معاہدہ (JCPOA) طے پایا تھا جس کے تحت ایران نے اپنے جوہری پروگرام پر سخت پابندیاں قبول کیں۔

اور اس کے بدلے میں امریکا اور معاہدے میں شامل دیگر اتحادی یورپی ممالک نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں نرم کی تھیں۔

اس معاہدے کے تحت ایران کے منجمد اثاثے واپس کیے گئے، جن کی مالیت تقریباً 50 ارب ڈالر تھی اور درحقیقت یہ رقم بھی ایران کی اپنی تھی، امریکی ٹیکس دہندگان کی نہیں تھی۔

 اسی طرح کسی بھی معتبر امریکی یا بین الاقوامی ادارے نے یہ تصدیق نہیں کی کہ اُس دور میں ایران کو 220 ارب ڈالر دیے گئے ہوں۔

https://truthsocial.com/@realDonaldTrump/115798254849714441

ٹرمپ کی پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایران چھ جوہری بم بنانے کے قریب تھا اور اس کے پاس ایسے میزائل تھے جو امریکا تک حملہ کر سکتے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ دعوے بھی بے بنیاد ہیں کیوں کہ جون 2025 میں امریکی انٹیلیجنس سربراہ تلسی گبارڈ نے کانگریس کو بتایا تھا کہ ایران اس وقت جوہری ہتھیار تیار نہیں کر رہا تھا۔

علاوہ ازیں اسرائیل سمیت کسی بھی سخت مخالف ترین ملک نے بھی یہ تصدیق نہیں کی کہ ایران کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو امریکی سرزمین تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

صدر ٹرمپ کی پوسٹ میں گریٹ ریپلیسمنٹ تھیوری کا حوالہ بھی شامل تھا جو کہ ایک نسل پرستانہ سازشی نظریہ سمجھا جاتا ہے اور جسے سفید فام قوم پرست گروہ فروغ دیتے ہیں۔

حالانکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نظریے کا بھی کوئی حقیقت پسندانہ ثبوت موجود نہیں اور اسے نفرت انگیز بیانیہ پھیلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

صدر ٹرمپ کی یہ پوسٹ غلط معلومات، مبالغہ آرائی اور غیر مصدقہ دعوؤں پر مشتمل ہے جس کا مقصد سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانا اور خوف پھیلانا دکھائی دیتا ہے۔

 

Similar Posts