پی ایس ایل میں 85 کروڑ سینٹرل پول گارنٹی کی آفر نئی ٹیموں تک محدود

پی ایس ایل میں 85 کروڑ سینٹرل پول گارنٹی کی پیشکش صرف2 نئی ٹیموں تک محدود ہے، موجودہ فرنچائز کے معاہدے میں ایسی کوئی شق شامل نہیں،ان سے صرف ایک اضافی صفحے پر دستخط کروائے گئے، بقیہ کنٹریکٹ پرانا ہی تھا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ساتویں اور آٹھویں ٹیموں کو پی ایس ایل 11 سے اگلے 5ایڈیشنز تک 85 کروڑ روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے،اسے کم از کم سینٹرل پول انکم گارنٹی کا نام دیا گیا،اس دوران اگر کسی بھی ٹورنامنٹ میں شیئر اس کم از کم ضمانتی رقم سے کم ہو تو بورڈ کمی کو پورا کرے گا، بطور متبادل دونوں نئی فرنچائزز کو اگلے ٹورنامنٹ کی فیس میں کمی والی رقم کی رعایت بھی مل سکتی ہے۔

 پرانی پانچوں ٹیمیں اس پیشکش سے محروم ہیں، ایک سے زائد ٹیم آفیشلز نے رابطے پر کہا کہ ہمیں ایسی کوئی آفر نہیں دی گئی، اگر گارنٹی مل جاتی تو اچھا رہتا لیکن اس سے ہمیں کوئی خاص فرق بھی نہیں پڑے گا، سینٹرل پول میں عمومی طور پر ہر ٹیم کا شیئر 85 کروڑ سے زائد ہی ہوتا ہے، البتہ نئے اونرز کو راغب کرنے کیلیے یہ اچھا فیصلہ کیا گیا، یہ تجویز ویلیوایشن کرنے والی غیرملکی کمپنی نے ہی دی تھی۔

 ذرائع نے بتایا کہ موجودہ 5 فرنچائز کو کوئی بڑا نیا معاہدہ پیش نہیں کیا گیا، ان سے صرف ایک اضافی صفحے پر دستخط کروائے گئے، باقی پرانا کنٹریکٹ ہی تھا، جس کے تحت بیشتر کمرشل کنٹریکٹس کا 95 فیصد حصہ ملتا ہے، تمام فرنچائزز کی جانب سے ادا شدہ فیس سینٹرل پول کا حصہ نہیں ہوتی،20 ویں ایڈیشن کے بعد فرنچائزز کے فیصد حصے کا تعین پی سی بی کرے گا۔

 یاد رہے ملتان سلطانز کی ٹیم کے معاملات 11 ویں ایڈیشن میں پی سی بی سنبھالے گا، بعد میں اس کی بھی نیلامی ہوگی۔

Similar Posts