وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔ بارش و برف باری کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
دوسری جانب، پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے، 2 جنوری تک پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 31 دسمبر سے یکم جنوری کے دوران لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد ، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔
بارشوں کے باعث دھند و سموگ کی صورتحال میں کمی واقع ہوگی۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔ شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔