برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا ایک کار حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں، جس میں ان کے دو قریبی دوست ہلاک ہو گئے۔
یہ حادثہ پیر کی صبح لاگوس-ایبادان ایکسپریس وے پر پیش آیا، جب جوشوا کی گاڑی ایک رکی ہوئی گاڑی سے ٹکرا گئی۔
رائٹرز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ جوشوا کو ہلکی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا معائنہ اور علاج جاری ہے۔
جوشوا کے قریبی ساتھی سینا غامی اور کیون ’لیٹیف‘ ایوڈیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ غامی جوشوا کے سٹینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ تھے جبکہ ایوڈیل ٹرینر کی حیثیت سے ان کے کیمپ کا حصہ تھے۔
جوشوا کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، ’انتھونی اور ان کی ٹیم کے دو قریبی ساتھی حادثے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔ انتھوں حادثے میں زخمی ہوئے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔‘
نائجیریا کے وفاقی روڈ سیفٹی کورپس نے تصدیق کی کہ حادثے میں کل پانچ افراد شامل تھے۔ ان میں سے دو ہلاک، ایک زخمی اور دو محفوظ رہے۔
ایف ار ایس سی نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی ممکنہ طور پر تیز رفتاری سے جا رہی تھی اور اوور ٹیکنگ کے دوران بے قابوہو کر ایک رکی ہوئی ٹرک سے ٹکرا گئی۔
یاد رہے کہ جوشوا کے والدین برطانوی-نائجیریائی ہیں۔ جوشوا برطانیہ میں پیدا ہوئے اور نائجیریا کے بورڈنگ اسکول میں تعلیم حاصل کی، اس کے بعد 12 سال کی عمر میں برطانیہ واپس آئے۔
چند دن قبل ہی جوشوا نے امریکی سوشل میڈیا اسٹار جیک پال کو نیٹ فلیکس پر براہِ راست نشر ہونے والے میچ میں ناک آؤٹ کیا تھا، اور آنے والے سال میں ٹائسن فیوری کے ساتھ مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی۔
اس حادثے کے بعد باکسنگ کمیونٹی اور مداحوں نے بھی جوشوا اور متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔