اسٹرینجر تھنگز 5 کا فائنل ٹریلر جاری، الیون آخری جنگ کے لیے تیار

نیٹ فلکس نے اپنی مقبول ترین سیریز ’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ کے پانچویں اور آخری سیزن کے فائنل ایپی سوڈ کا ٹریلر جاری کردیا ہے، جس میں الیون کو ولن ویکنا کے خلاف آخری اور فیصلہ کن جنگ کے لیے تیار دکھایا گیا ہے۔

یہ فائنل ایپی سوڈ آج نہ صرف نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگا بلکہ پہلی بار سنیما گھروں میں بھی دکھایا جائے گا۔

فائنل ایپی سوڈ کا عنوان ’’دی رائٹ سائیڈ اپ‘‘ رکھا گیا ہے، جو سیزن فائیو کی آٹھویں اور آخری قسط ہے۔ نیٹ فلکس نے سیزن فائیو کو دو حصوں میں ریلیز کیا تھا، جن میں پہلے چار ایپی سوڈز تھینکس گیونگ پر ’’والیم 1‘‘ کے طور پر جبکہ اگلے تین ایپی سوڈز کرسمس پر ’’والیم 2‘‘ کے نام سے پیش کیے گئے۔ ساتویں ایپی سوڈ پر والیم 2 کا اختتام ہوا تھا۔

ساتویں قسط میں میکس کے ہوش میں آنے کے بعد یہ انکشاف سامنے آیا کہ ویکنا کا منصوبہ اپ سائیڈ ڈاؤن کو ایک متوازی دنیا، جسے ’’ایبس‘‘ کہا گیا ہے، کے ساتھ ضم کرنا ہے۔ اس خطرے کے پیش نظر مرکزی کردار ایک منصوبہ بناتے ہیں جس کے تحت ایبس میں داخل ہو کر اغوا شدہ بچوں کو آزاد کرایا جائے اور بم کے ذریعے اس دنیا کو تباہ کردیا جائے۔

قسط کے اختتام پر ویکنا، جو انسانی روپ میں ہنری کریل بنا ہوا ہے، اپنے زیرِ اثر لوگوں کے ساتھ ایک پراسرار عمل میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔

تقریباً ایک دہائی قبل میٹ اور راس ڈفر نے اس سیریز کو تخلیق کیا تھا، جس کا پہلا سیزن جولائی 2016 میں ریلیز ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ عالمی سطح پر ایک سنسنی بن گئی۔ اس کے بعد 2017 اور 2019 میں دوسرے اور تیسرے سیزن پیش کیے گئے، جبکہ چوتھا سیزن بھی دو حصوں میں 2022 میں ریلیز کیا گیا۔ اس سیریز سے متاثر ہو کر اسٹیج پلے ’’اسٹرینجر تھنگز: فرسٹ شیڈو‘‘ بھی بنایا گیا، جو لندن کے ویسٹ اینڈ کے بعد اب براڈوے میں پیش کیا جا رہا ہے۔

حالیہ انٹرویو میں ڈفر برادران نے بتایا کہ فائنل میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ الیون کے لیے خوشگوار انجام کیسے ممکن ہوگا، جب کہ دنیا بچانے کے باوجود وہ فوج کے نشانے پر رہے گی۔ ان کے مطابق الیون کا کردار اس سیزن میں مائیک کے پُرامید نظریے اور کیلی کے حقیقت پسندانہ مگر مایوس کن سوچ کے درمیان کشمکش کا شکار نظر آئے گا۔

’’اسٹرینجر تھنگز‘‘ نیٹ فلکس کی تاریخ کی مقبول ترین سیریز میں شامل ہے اور اب تک 1.2 ارب سے زائد ویوز حاصل کر چکی ہے۔ پانچویں سیزن کا فائنل ایپی سوڈ دو گھنٹے اور پانچ منٹ پر مشتمل ہوگا اور یہ سیریز کا پہلا موقع ہوگا جب اسے بڑے پردے پر پیش کیا جائے گا۔ امریکا اور کینیڈا کے 500 سے زائد سنیما گھروں میں اس کی نمائش ہوگی، جبکہ ابتدائی اسکریننگز نیو ایئرز ایو پر شروع ہوں گی۔

ڈفر برادران کے مطابق فائنل ایپی سوڈ کو سنیما میں دیکھنے کے لیے 11 لاکھ سے زائد افراد پہلے ہی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ 620 سے زائد تھیٹرز میں 3 ہزار 500 سے زیادہ شوز مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں۔

Similar Posts