مہنگائی کے ستائے عوام کو نئے سال کا تحفہ، ایل پی جی گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ

مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے نئے سال کا آغاز مزید بوجھ کے ساتھ ہوا ہے، حکومت نے ایل پی جی گیس کی قیمت میں بڑا اضافہ کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جنوری سے ایل پی جی کی قیمت میں 10 روپے 68 پیسے فی کلو اضافہ کر دیا گیا۔ اس اضافے کے بعد 11.8 کلو گرام پر مشتمل گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 126 روپے 9 پیسے اضافہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2592 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

دسمبر میں 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 2466 روپے تھی، تاہم نئے سال کے آغاز پر قیمت میں اضافے کے بعد عوام کو مزید مہنگی ایل پی جی خریدنا پڑے گی۔ اوگرا نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔

Similar Posts