اس برس مہنگے مگر چھوٹے فیشن آئٹمز خاص طور پر بحث کا مرکز بنے۔ لگژری برانڈز نے نہ صرف ڈیزائن کے معاملے میں روایات توڑیں بلکہ قیمتوں میں بھی ایسی حدیں عبور کیں جنہیں عام صارف کے لیے سمجھنا مشکل ہوگیا۔ سوشل میڈیا پر یہ سوال بار بار اٹھتا رہا کہ کیا واقعی فیشن کا معیار یہی رہ گیا ہے یا محض غیر معمولی پن ہی نئی لگژری بن چکا ہے۔
پیرانی کی ایک ٹانگ والی جینز
مارچ 2025 میں فرانسیسی لگژری برانڈ کوپیرانی نے ایک ٹانگ والی جینز متعارف کروائی، جس کی قیمت 440 ڈالر رکھی گئی۔ بظاہر ایک عام جینز، مگر ایک ٹانگ کے بغیر، صارفین کے لیے حیرت کا باعث بنی۔ سوشل میڈیا پر کئی افراد نے اسے فیشن کے نام پر سب سے غیر منطقی تجربہ قرار دیا اور سوال اٹھایا کہ ایسی جینز پہننے کا مقصد کیا ہو سکتا ہے۔
داغ دار شرٹ
موسچینو نے مارچ 2025 میں مردانہ فیشن کے لیے ایک ایسی شرٹ متعارف کروائی جس کی جیب پر نیلے رنگ کے قلم کا داغ بنا ہوا تھا۔ اس شرٹ کی قیمت 755 ڈالر رکھی گئی، جس پر لوگوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اسکول کے زمانے میں قلم کے داغ اس سے کہیں بہتر ہوا کرتے تھے۔
پراڈا کی کولہاپوری چپل
پراڈا کی کولہاپوری چپلیں بھی بحث کا موضوع بنیں، جو 1,500 ڈالر میں فروخت کی گئیں۔ ناقدین کا کہنا تھا کہ اس ڈیزائن میں ایشیائی ثقافت اور کاریگروں کے حوالے کو نظر انداز کیا گیا۔
ٹماٹر کی شکل کا کلچ
جون 2025 میں لووے کی جانب سے پیش کی گئی ٹومیٹو کلچ نے بھی خاصی توجہ حاصل کی، جسے ٹماٹر کی شکل میں دھات کے فریم کے ساتھ تیار کیا گیا تھا اور اس کی قیمت تقریباً 3,950 ڈالر رکھی گئی۔
آٹو رکشہ بیگ
لوئس ووٹن نے اپنے سمر ’26 مردانہ فیشن شو میں ’آٹو بیگ‘ پیش کیا، جو تین پہیوں والے آٹو رکشہ کی شکل میں تیار کیا گیا تھا۔ اس بیگ کی قیمت تقریباً 39 ہزار ڈالر، یعنی لگ بھگ دو کروڑ روپے رکھی گئی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اتنی رقم میں کئی اصل آٹو رکشے خریدے جا سکتے ہیں۔
کم کارڈیشین کی کمفرٹ وِگ
اکتوبر 2025 میں کِم کارڈیشین نے انڈر گارمنٹس کے تصور کو ایک اور عجیب موڑ دیتے ہوئے ’دی الٹیمیٹ بش‘ کے نام سے مصنوعی بالوں والی کمفرٹ گارمنٹ لانچ کی۔ 32 ڈالر کی قیمت پر دستیاب اس پروڈکٹ میں مصنوعی پبک بال شامل تھے، جو 12 مختلف رنگوں اور بالوں کی ساخت کے انتخاب کے ساتھ فروخت کی گئی، جس پر صارفین نے ملا جلا ردِعمل دیا۔
پراڈا کی سیفٹی پن
نومبر 2025 میں پراڈا کی آن لائن کیٹلاگ میں ایک عام سی سیفٹی پن نظر آئی، جسے ’کراؤچ سیفٹی پن بروچ‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس کی قیمت 775 ڈالر مقرر کی گئی، جو پاکستانی روپے میں دو لاکھ سے زائد بنتی ہے۔ اگرچہ یہ آئٹم جلد ہی کیٹلاگ سے ہٹا دیا گیا، مگر اس وقت تک سوشل میڈیا پر اس کا خوب مذاق بن چکا تھا، اور صارفین نے اسے امیروں کی بے مقصد خریداری کی مثال قرار دیا۔
مجموعی طور پر 2025 لگژری فیشن کے لیے ایک ایسا سال ثابت ہوا جس میں غیر معمولی اور مہنگے آئیڈیاز نے مارکیٹ پر غلبہ حاصل کیے رکھا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اب فیشن میں خوبصورتی یا افادیت سے زیادہ چونکانے کی صلاحیت اہم ہو چکی ہے، اور لگژری برانڈز کسی بھی منفرد خیال کو بھاری قیمت کے ساتھ پیش کرنے سے نہیں ہچکچا رہے۔