حالیہ جنگ میں ایک ہزار اسرائیلی اور سیکڑوں امریکی فوجی مارے: ترجمان ایرانی افواج

ایرانی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ایک ہزار اسرائیلی اہلکار ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے، جبکہ مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے۔

بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کے اصل اعداد و شمار چھپا رہے ہیں۔

ان کے مطابق افغانستان اور عراق جنگ کے دوران بھی امریکا نے ہلاکتوں کی مکمل تعداد فوری طور پر ظاہر نہیں کی تھی۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکا نے بعض ہلاک فوجیوں کی باقیات بھی بعد میں ان کے اہل خانہ کے حوالے کیں۔

انہوں نے امریکی فوج کو ’’ہالی ووڈ اور پروپیگنڈا فوج‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ مسلم ممالک کے وسائل کو لوٹ کا مال سمجھتی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی کے مطابق حالیہ جنگ نے دنیا پر واضح کردیا ہے کہ امریکی فوج اور اسرائیلی حکومت کی طاقت کے حوالے سے بنائی گئی شبیہ حقیقت سے مختلف ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اپنی سرزمین پر امریکی فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں، انہیں بھی اندازہ ہوگیا ہے کہ امریکا ان کا تحفظ نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’جو امریکا اپنا تحفظ نہیں کرسکتا، وہ دوسروں کا تحفظ کیسے کرے گا۔‘‘

ایرانی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی ہلاکت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

Related posts