سال 2025ء پی آئی اے کے لیے بہتر ثابت ہوا

سال 2025ء قومی ائیرلائن کے لیے بہتر رہا، کئی برس بعد یورپ اور برطانیہ کے بند فضائی آپریشن بحال ہوئے، لندن اور برمنگھم کے لیے پروازیں آپریٹ کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا، نئے روٹس متعارف کروائے گئے مگر 9 برس سے معطل نجکاری بھی اسی سال ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سال 2025ء کا آغاز قومی ائیرلائن کے لیے گزشتہ کئی برس کے مقابلے میں کافی سازگار رہا، پی آئی اے نے یورپی فضائی آپریشن بحال کیا اور ساڑھے چارسال بعد قومی ائیرلائن نے اپنے اہم روٹ پر پروازیں آپریٹ کیں۔

اسلام آباد سے پیرس کے درمیان فضائی آپریشن ایک بہت بڑا سنگ میل تھا کیونکہ یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کا پروازوں کی بحالی کا تقاضا تھا، بعدازاں پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا۔

ابتدائی طور پر پاکستان اور مانچسٹر کے درمیان پروازیں شروع کی گئیں، اگلےمرحلے میں برمنگھم اور لندن کی پروازیں چلانے کی تاریخ کا بھی اعلان کردیا گیا، گزشتہ برس اپریل میں پی آئی اے نے باکو کے لیے پروازوں کا آغاز کیا جبکہ اسی سال کے اوائل میں گوادر ائیرپورٹ کی تکمیل کے بعد پہلی پرواز آپریٹ کی۔

2025ء سال کا حج آپریشن بھی کافی اچھارہا جس کے دوران 42 ہزار 400 حجاج کرام نے پی آئی اے کا انتخاب کیا، سال 2025 میں آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے فضائی سفر کے لیے پی آئی اے کو منتخب کیا۔

اپریل میں پی آئی اے نے پاکستان سے باکو کے لیے پروازوں کی ابتدا کی جس کے دوران ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

سال 2025ء میں پی آئی اے نے ایران میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے براستہ آذربائیجان پروازیں چلائیں۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اس سال پی آئی اے نے دو دہائیوں تک خسارے کے بعد 26ارب روپے کا خالص منافع کمایا، اگر پہلی ششماہی کی بات کی جائے تو یہ 11 ارب روپے کا پرافٹ ہوا۔ پی آئی اے کی متفرق صورتحال کا اختتام عرصہ 9 سال کے تعطل کی شکار نجکاری پر ہوا۔

Similar Posts