ملک میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ، براڈبینڈ کنکشنز  15 کروڑ سے تجاوز کرگئے

پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ جبکہ براڈبینڈ کنکشنز  15 کروڑ سے تجاوز کرگئی۔

پی ٹی اے نے سالانہ رپورٹ برائے سال 2024–25 جاری کی ہے جس میں پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی مسلسل ترقی، استحکام اور مجموعی کارکردگی کو اجاگر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کام صارفین کی تعداد 20 کروڑ ہوگئی جبکہ براڈ بینڈ کنکشنز 15 کروڑ سے تجاوز کرگئے، ملک بھر میں ٹیلی کام کوریج 92 فیصد سے زائد جبکہ براڈبینڈ پینی ٹریشن 60 فیصد سے بڑھ چکا ہے۔

اسی طرح ٹیلی کام شعبے کی مجموعی آمدن ایک کھرب روپے سے تجاوز کر گئی ہے جس سے نہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد سالانہ اضافہ ظاہر ہوتا ہے قومی خزانے میں ٹیلی کام شعبے کی شراکت چار سو دو ارب روپے تک پہنچ گئی جو سال 2024 میں تین سو چھتیس ارب روپے تھی جبکہ شعبے میں سرمایہ کاری 9 فیصد اضافے کے ساتھ آٹھ سو اڑتیس ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ٹیلی کام انفرا اسٹرکچر میں توسیع کے نتیجے میں سال 2025 میں ڈیٹا کے استعمال کا حجم ستائیس ہزار سات سو ستائیس پیٹا بائٹس تک پہنچ گیا۔ ملک میں 95 فیصد سیلولر نیٹ ورکس فورجی ہیں جبکہ 17.21 ٹی بی پی ایس بین الاقوامی بینڈوتھ دستیاب ہے۔

پاکستان میں علاقائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانے کے لیے چار نئے ہائی کیپیسٹی سب میرین کیبلز شامل کی جا رہی ہیں، پی ٹی اے نے نیشنل رومنگ کے نفاذ اور پاکستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کی توسیع میں بھی سہولت فراہم کی ملکی سطح پر موبائل ڈیوائسز کی تیاری میں نمایاں تیزی آئی، جہاں 95فیصد سے زائد موبائل فونز، جن میں 68 فیصد اسمارٹ فونز شامل ہیں مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں۔

سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، جبکہ پی ٹی اے نے نیشنل ٹیلی کام سیکیورٹی آپریشنز سینٹر nTSOC کے ذریعے سائبر خطرات کا مؤثر انداز میں تدارک کیا، صارفین کے تحفظ کے اقدامات کے نتیجے میں شکایات میں 13 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹ فائیو جی (فائیو جی) کی تیاری، سائبر سیکیورٹی کے فروغ اور مستقبل کے لیے تیار ڈیجیٹل معیشت کے قیام کے حوالے سے پی ٹی اے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، مکمل رپورٹ پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

Similar Posts