عارف حبیب نے نیا ناظم آباد میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) انٹر اسکولز فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ پی آئی اے کو منافع بخش ایئرلائن بنانا اولین ترجیح ہے، پی آئی اے کے ملازمین کو تحفظ دیں گے کیونکہ پی آئی اے ملازمین کی وجہ سے ہی دنیا کی نمبر دو کامیاب ایئرلائن بنی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین کو واضح پیغام ہے ملازمت کے مستقبل کا دارومدار کارکردگی پر ہوگا، جو کارکردگی دکھائے گا وہی پی آئی اے میں رہے گا۔
عارف حبیب نے کہا کہ معاہدے کے تحت پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کرسکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ 40 لاکھ پاکستانی بیرون ملک رہتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان میں ان کے اہل خانہ کی تعداد 7 کروڑ سے زیادہ بنتی ہے اور 7 کروڑ پاکستانی ایئرلائن کا استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستانی صرف پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں، پی آئی اے کو حج اور عمرہ کے حوالے سے ترجیح حاصل ہے۔
عارف حبیب نے کہا کہ نیا ناظم آباد کی طرح پی آئی اے میں بھی کھیلوں کو فروغ دینے ترجیح ہے، پی آئی اے میں کھیلوں کی بحالی میں وقت لگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا نیا ناظم آباد کو اسکول کرکٹ کے لیے منتخب کرنا خوش آئند ہے، نیا ناظم آباد میں کرکٹ، بیڈمنٹن، سوئمنگ اور ٹیبل ٹینس، فٹ بال سمیت دیگر کھیلوں کی سہولتیں موجود ہیں۔
پی سی بی) انٹر اسکولز فائنل کے مہمان خصوصی چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود بھی موجود تھے۔