کراچی؛ اے این ایف کی کارروائی، آسٹریلیا بھجوائی جانے والی منشیات برآمد، ملزم گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نےگلشن معمارمیں واقع کورئیر آفس میں کارروائی کے دوران آسٹریلیا بجھوائے جانے والے پارسل سےکپڑوں میں جذب 11.6کلوگرام آئس برآمد کرلی اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع پر شہرکے مضافات گلشن معمار میں کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے دوران آسٹریلیا بجھوائے جانے والے مشکوک پارسل کی جانچ پڑتال کی گئی اور اس دوران پارسل سےکپڑوں میں جذب 11.6کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

دیگر کارروائیوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں تین مختلف کارروائیاں کی گئیں، جس میں ماڈل ٹاؤن ہمک اسلام آباد میں گاڑی سے 4کلوگرام چرس، سروس روڈ اسلام آباد کے قرب موٹرسائیکل سوار ملزم سے 3کلوگرام، سوہاں اسلام آباد کےقریب گھر سے2.4کلوگرام چرس اور ایک عدد گن برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کارروائیوں میں 3ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق مذکورہ کارروائیوں میں37 لاکھ روپے مالیت کی 21کلوگرام منشیات برآمد کی گئی اور انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Similar Posts