کراچی؛ قائدآباد انٹرچینج پر مرغی خانہ فلائی اوور تعمیراتی کام کے باعث ٹریفک کیلیے بند

کراچی ٹریفک پولیس عوام الناس کو آگاہ کرتی ہے کہ ملیر ایکسپریس وے (شہید بے نظیر بھٹو) منصوبے کے تحت قائدآباد انٹرچینج پر مرغی خانہ فلائی اوور (این-5) کے اوپر گارڈرز لانچنگ کے عمل کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق عوام اور ٹریفک کی حفاظت کے پیشِ نظر مرغی خانہ پل (این-5) پر 03 جنوری 2026 سے 04 جنوری 2026 صبح 07:00 بجے سے شام 07:00 بجے تک دونوں اطراف سے ٹریفک معطل رہے گی۔

ٹریفک کے لیے متبادل انتظامات درج ذیل ہوں گے:

اسٹیل مل کی جانب سے آنے والے ٹریفک کو ریمپ ‘A’ کے ذریعے ملیر ایکسپریس وے پر منتقل کیا جائے گا، جو بعد ازاں ریمپ ‘D’ کے ذریعے دوبارہ این-5 پر اتار دیا جائے گا۔

ایئرپورٹ سے اسٹیل مل کی جانب جانے والے ٹریفک کے لیے انور بلوچ ہوٹل سے مرغی خانہ پل کے اختتام تک دریائی بیڈ پر عارضی متبادل راستہ زیرِ تعمیر ہے جسے استعمال میں لایا جائے گا۔

کراچی ٹریفک پولیس شہریوں سے گزارش کرتی ہے کہ دورانِ مذکورہ تاریخ و اوقات متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔

Similar Posts