میکسیکو میں 6.5 شدت کا زلزلہ آیا ہے جس میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
جنوبی میکسیکو میں گذشتہ روز آنے والے طاقتور زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور صدر کلاڈیا شین باؤم کی پریس کانفرنس بھی کچھ دیر کے لیے روک دی گئی۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز ریاست گیریرو میں بحرالکاہل کے ساحل کے قریب تھا۔ زلزلہ 35 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔
زلزلے کے دوران صدر کلاڈیا شین باوم نیشنل پیلس میں اپنی روزانہ کی پریس کانفرنس کر رہی تھیں کہ اچانک الارم بج اٹھا۔ انہوں نے زمین ہلنے کا ذکر کیا اور صحافیوں کے ساتھ پرسکون انداز میں عمارت خالی کی۔ کچھ دیر بعد کانفرنس دوبارہ شروع کر دی گئی۔
حکام کے مطابق جنوب مغربی ریاست گیریرو میں ایک 50 سالہ خاتون اس وقت ہلاک ہوگئیں جب زلزلے کے جھٹکوں سے ان کا گھر منہدم ہوگیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ میکسیکو سٹی میں 67 سالہ شخص عمارت خالی کرنے کی کوشش میں سیڑھیاں اترتے ہوئے گر کر جاں بحق ہوگیا۔
زلزلہ دارالحکومت سے تقریباً 180 میل دور آیا، تاہم اس کے شدید جھٹکے میکسیکو سٹی میں بھی محسوس کیے گئے، جہاں آزادی کی علامت سمجھے جانے والے ’’اینج آف انڈیپنڈنس‘‘ یادگار کو جھولتے ہوئے دیکھا گیا۔ صبح 8 بجے سے کچھ پہلے بجنے والے زلزلہ الرٹ کے بعد شہری تیزی سے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ بہت سے لوگ کمبل یا سلیپر پہن کر ہی باہر آ گئے اور اپنے پالتو جانوروں کو سنبھالے ہوئے تھے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز ریاست گیریرو کے ساحلی علاقے کے قریب 35 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ دوپہر تک میکسیکو کے زلزلہاتی ادارے نے 420 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے، جن میں سب سے طاقتور کی شدت 4.7 بتائی گئی۔
حکام نے بتایا کہ متعدد شاہراہوں پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، کئی علاقوں میں گیس لیکج کی اطلاعات ملیں، جبکہ گھروں، سرکاری عمارتوں اور اسپتالوں کو بھی نقصان پہنچا۔ گیریرو سیاحتی مقامات کا اہم مرکز ہے اور اسی ریاست میں واقع شہرت یافتہ شہر اکاپولکو اب بھی 2023 کے تباہ کن سمندری طوفان سے بحالی کے مرحلے میں ہے۔
میکسیکو سٹی میں شیئر کی گئی ویڈیوز میں عمارتوں میں دراڑیں، بلند عمارتوں کا ایک دوسرے کی جانب جھکنا اور ٹریفک لائٹ کا سڑک پر گر جانا دکھایا گیا، تاہم حکام نے ابتدائی طور پر بڑے پیمانے پر نقصان کی تصدیق نہیں کی۔
ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق میکسیکو سٹی اور اکاپولکو کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو معمولی نقصان پہنچا، لیکن پروازوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔