اس رنگا رنگ اسپورٹس ایونٹ نے شہرِ قائد کو صحت، جوش اور جذبے کا مرکز بنا دیا۔
میراتھن ریس میں مردوں، خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں حصہ لیا، جبکہ مختلف عمر کے افراد کی شمولیت نے ایونٹ کو مزید منفرد بنا دیا۔
منتظمین کے مطابق ریس کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں 42، 21، 10 اور 5 کلومیٹر شامل تھیں۔
پہلے راؤنڈ میں فل میراتھن 42 کلومیٹر اور ہاف میراتھن 21 کلومیٹر کی دوڑ منعقد کی گئی، جبکہ دوسرے راؤنڈ میں 10 اور 5 کلومیٹر کی کیٹیگریز پر مشتمل ریس کرائی گئی۔
میراتھن کا آغاز ساحلِ سی ویو پر واقع نشانِ پاکستان سے ہوا اور اختتام بھی اسی مقام پر ہوا۔
ریس کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شرکاء کی سہولت کے لیے طبی امداد اور ریفریشمنٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے۔
منتظمین کے مطابق کراچی میراتھن ریس کا بنیادی مقصد عوام میں صحت مندانہ طرزِ زندگی کو فروغ دینا، جسمانی سرگرمی کی اہمیت اجاگر کرنا اور مثبت سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
شہریوں نے اس کامیاب ایونٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کے تسلسل کی خواہش کا اظہار کیا۔