محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ صوبے کے میدانی علاقوں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، صوابی، کرک اور بنوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، جی ٹی روڈ پر صبح سویرے اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز دیر اور باجوڑ میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ سردی کالام میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی جبکہ پاراچنار اور مالم جبہ میں منفی 3، دیر بالا میں منفی 2، دروش اور چترال میں منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان کا درجہ حرات 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب، پی آئی اے کے مطابق باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کی آمد و رفت متاثر رہی، خراب موسم اور کم حدِ نگاہ کے باعث قطر ایئرویز کی پرواز اسلام آباد منتقل کی گئی۔
سلام ایئر کی مسقط سے آنے والی پرواز خراب موسم کے باعث سیالکوٹ اور فلائی عدیل کی ریاض سے آنے والی پرواز خراب موسم کے باعث کراچی منتقل کی گئی۔ سلام ایئر اور ایئر عربیہ کی پروازیں خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار ہے۔
پی اے اے کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ 300 سے 360 میٹر تک محدود ہوئی۔ ایئرپورٹ پر صبح 08:45 تک ناقص حدنگاہ ناقص رہنے کا امکان ہے۔