وینزویلا کے معاملے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس: مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ

0 minutes, 0 seconds Read

وینز ویلا کے معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں چین اور روس نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اوران کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔ چینی مندوب نے کہا کہ امریکا نے لاطینی امریکا اور کریبیئن جرائز کا امن خطرے میں ڈال دیا، اس غنڈہ گردی کی مذمت کرتے ہیں تو وہی روسی مندوب نے سوال کیا کہ کیا اقوام متحدہ کا اب کوئی وجود نہیں رہا؟ کیا اب امریکا سے حکمرانی کا طریقہ سیکھنا ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان نے وینزویلا کا معاملہ افہام اور تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

وینزویلا کی صورت حال پر بحث کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہورہا ہے، اجلاس کے ایجنڈے میں بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرات پر غور کرنا شامل ہے۔

پاکستان

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان نے وینزویلا کا معاملہ افہام اور تفہیم سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے قائم مقام مندوب عثمان جدون نے کہا کہ تنازع کو حل کرنے کے لیے ڈائیلاگ اور ڈپلومیسی کا سہارا لینا چاہیے، یکطرفہ فوجی کارروائی سے عدم استحکام کو بڑھاوا ملے گا۔ یو این چارٹر کسی بھی ملک کی سالمیت کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں دیتا۔

عثمان جدون نے مزید کہا کہ دنیا کو پہلے ہی متعدد بحرانوں کا سامنا ہے ایسے میں کریبیئن میں تناؤ خطے اور عالمی امن کے لیے اچھا نہیں ہے، اس طرح کا سنگین اقدام اچھی مثال قائم نہیں کرے گا اور مستقبل میں غیرمتوقع نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

پاکستان نے وینزویلا کی عوام کی خواہشوں پر مبنی حل پر زور دیتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کردی۔

روس

اجلاس سے خطاب کے دوران روسی مندوب نے وینزویلا پر امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدر نکولس مادورو کو امریکا نے اغوا کیا۔ انہوں نے امریکا سے فوری طور پر نکولس مادورو کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کو رہا کیا جائے۔

روسی مندوب نے مزید کہا کہ امید کرتے ہیں کہ ڈبل اسٹینڈرڈ سے اجتناب کیا جائے گا، امریکا وینزویلا کے قدرتی وسائل پر قبضہ کرنا چاہتا ہے، واشنگٹن کے یہ ارادے پوشیدہ نہیں ہیں، امریکا کی ملٹری کی خارجہ پالیسی کے خلاف عالمی برادری کھڑی ہو، یہ وہ واحد راستہ ہے جو امریکا کو لگام ڈال سکتا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہ وہ دنیا ہے جس کے لیے ہم سب نے سائن کیے تھے اور کیا یو این اور سیکیورٹی کونسل کا اب کوئی وجود نہیں رہا؟ اور کیا اب ہمیں امریکا سے حکمرانی کا پیٹرن سیکھنا ہوگا، کیا قوموں کا حق رائے دہی ختم ہوگیا؟ امریکی لیڈرشپ کسی اور ملک کو چلانے کی بات کررہی ہے، امریکا اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے۔

چین

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران چینی مندوب نے کہا کہ امریکا نے لاطینی امریکا اور کریبیئن جرائز کا امن خطرے میں ڈال دیا ۔۔ امریکا پر عالمی قوانین اور یو این چارٹر کی پاس داری پر زور دیتے ہیں، امریکا نے دعوی کیا کہ وہ وینزویلا کو چلائے گا، چین امریکا کی اس غندہ گردی کی مذمت کرتا ہے، مستقل رکن ہوتے ہوئے امریکا نے عالمی برادری کے تحفظات کا احترام نہیں کیا، امریکا نے وینزویلا کی سالمیت پر حملہ کیا، بین الاقوام تعلقات میں طاقت کے استعمال پرپابندی کے اصول کو بھی توڑا۔

چینی مندوب نے مزید کہا کہ امریکا بین الاقوامی برادری کی آواز سنے، امریکا یو این چارٹر کا احترام کرے، امریکا صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کی حفاظت یقینی بنائے، امریکا دونوں کو فوری طور پر رہا کرے، ملٹری کا استعمال مسائل کا حل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اقوام متحدہ کو بائی پاس کر کے عراق پر حملہ کیا، امریکا نے ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کیا، کیا ان اقدامات سے امن اور استحکام آیا، وینزویلا ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے، کوئی بھی ملک خود پولیس کا کردار ادا نہیں کرسکتا، کوئی بھی ملک بین الاقوامی جج نہیں ہے۔

چینی مندوب نے کہا کہ وینزویلا حکومت کی اپنے عوام کے تحفظ کے حقوق کو سپورٹ کرتے ہیں، امریکا اپنی ریت بدلے اور سخت اقدامات سے باز رہے، لاطینی امریکا اور کریبین میں امن کی تمام کاوشوں کو سپورٹ کریں گے۔

امریکا

سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں امریکی مندوب نے کہا کہ امریکا نے وینزویلا میں سرجیکل آپریشن کیا ، دہشت گرد نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو پکڑا گیا، ان دونوں نے امریکی عوام کے خلاف جرائم کیے، مادورو 15 سال سے ہماری عوام کے خلاف جرائم میں ملوث ہے، امریکی افواج کا آپریشن صدر ٹرمپ کی ہدایات پر کیا گیا، آپریشن کا مقصد امریکی عوام کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

امریکی مندوب نے مزید کہا کہ نیویارک میں مادورو پر سنجیدہ کرمنل چارجز لگائے گئے ہیں، دونوں کو اپنے خلاف جرائم کا سامنا کرنا ہوگا۔

Similar Posts