تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب شہری کی فائرنگ سے مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ ہلاک ڈاکو کی ساتھی ملزمہ کو پولیس نے موقع پر پہنچ کر گرفتار کرلیا، ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ایس ایچ او تیموریہ شاہد علی بلوچ کے مطابق لنڈی کوتل چورنگی کے قریب کار سوار معید خان نامی شہری پھل خریدنے کے لیے رکا تو اسی دوران موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون اسلحے کے زور پر شہری معید خان سے نقدی، موبائل فون اور بیگ چھین کر فرار ہونے لگے تو شہری نے لائسنس یافتہ اسلحہ سے فائرنگ کر دی۔
اس دوران، ملزم کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی لیکن ملزم کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے باعث گولی گاڑی کے دروازے پر لگی جبکہ شہری کی فائرنگ سے مبینہ ملزم موقع پر ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ملزم کے ساتھ موجود خاتون نے چھینا ہوا موبائل فون اٹھایا اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم فائرنگ کی آواز سن کر قریب واقعے تھانے کی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے ہلاک مبینہ ملزم کے ساتھ موجود ملزمہ کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔
پولیس نے ہلاک مبینہ ملزم اور گرفتار ملزمہ کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، موبائل فون، آئس اور دیگرسامان کر لیا۔
ایس ایچ او تیموریہ کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت رضوان اور گرفتار خاتون ملزمہ کی شناخت شمع زوجہ ابراہیم کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمہ اور ہلاک ملزم نیو کراچی گودھرا کے رہائشی اور آئس کا نشہ کرتے ہیں اور آئس کا نشہ پورا کرنے کے لیے گرفتار ملزمہ اور ہلاک ملزم وارداتیں کرتے تھے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں کچھ وارداتوں کا اعتراف کیا ہے اور پولیس کے ریکارڈ میں بھی یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملزمان کے ساتھ ایک خاتون بھی وارداتیں کرتی ہے۔ اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیجز چیک کی جا رہی ہیں اور امکان ہے کہ گرفتار خاتون متعدد واقعات میں ملوث ہے اور اس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔