انڈر 19 سہ ملکی سیریز کے فائنل میں پاکستانی بلے باز سمیر منہاس نے ایک بار پھر اپنی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت زمبابوے کے خلاف صرف 42 گیندوں پر سینچری بناکر بھارتی بلے باز ویبھو سوریاونشی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
منگل کو ہرارے میں کھیلے گئے انڈر 19 ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں پاکستان کے نوجوان بیٹر سمیر منہاس نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئےعالمی ریکارڈ قائم کر دیا اور زمبابوے کے خلاف میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
انڈر 19 ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44.4 اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستانی بولرز نے میچ کے آغاز سے ہی میزبان ٹیم کو دباؤ میں رکھا، جس میں عمر زیب کی شاندار بولنگ نمایاں رہی۔
دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عمر زیب نے 7 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔
جواب میں پاکستان نے سمیر منہاس کی شاندار اننگز کی بدولت ہدف کا تعاقب انتہائی تیز رفتاری سے کیا، انہوں نے ابتدا سے ہی حریف بولرز پر دباؤ برقرار رکھا، اس طرح قومی ٹیم نے صرف 16.2 اوورز میں 159 رنز کا ہدف حاصل کر لیا۔
اس شاندار کامیابی میں نوجوان بلے باز سمیع منہاس کا کردار فیصلہ کن ثابت ہوا، جنہوں نے 51 گیندوں پر 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
سمیع منہاس کی اننگز میں 17 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے، انہوں نے اپنی سنچری صرف 42 گیندوں پر مکمل کی، جو یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔
اس شاندار کارکردگی کے ساتھ سمیر منہاس نے بھارت کے ویبھو سوریاونشی کا ریکارڈ توڑ دیا، جنہوں نے اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف 52 گیندوں پر سنچری اسکور کی تھی۔
اس طرح پاکستان نے فائنل میچ 9 وکٹوں سے جیت کر ٹورنامنٹ اپنے نام کیا جب کہ سمیر منہاس کی ریکارڈ ساز اننگز اس سیریز کا نمایاں ترین لمحہ قرار پائی۔
واضح رہے کہ سمیر منہاس اس سے قبل بھی بھارت کے خلاف انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں نمایاں کارکردگی دکھا چکے ہیں۔