6 کینالز منصوبہ: سندھ بار کونسل کا کل صوبے بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان

0 minutes, 0 seconds Read

دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھ بار کونسل نے کل 12 اپریل کو صوبے بھر کی عدالتوں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔

ترجمان سندھ بار کونسل کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ سے 6 کینالر نکالنے کے منصوبے کی مذمت کرتے ہیں، کینالر نکالنے سے ماحول، معاشرے اور معیشت پر خطرناک اثرات مرتب ہوں گے۔

سندھ بار کونسل نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت دریائے سندھ پر کینالز بنانے کا منصوبہ فوری واپس لے، کینالر نکالنے کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالے جانے کے معاملے پر مسلسل تحفظات کا اظہار اور احتجاج کررہی ہے تاہم دوسری طرف صدر مملکت آصف علی زرداری نے تمام اسٹریٹجک نہروں پر بیک وقت عمل درآمد کی اصولی منظوری دی تھی۔

8 جولائی 2024 کو صدر مملکت کی زیر صدارت اجلاس کے منٹس کے مطابق آصف علی زرداری کی زیرصدارت ایوان صدر میں گرین پاکستان انشیٹیو پر اجلاس ہوا تھا۔

دوران اجلاس صدر مملکت کو 6 اسٹریٹجک نہروں کی اہمیت پر بریفنگ دی گئی تھی اور ان نہروں کی بیک وقت تعمیر کی ضرورت پر بریف کیا گیا تھا۔

صدر مملکت کو بریف کیا گیا تھا کہ یہ نہریں گرین پاکستان انیشیٹیو کےتحت اہم حصہ ہیں اور ان نہروں کی تعمیر کو ملکی فوڈ سیکیورٹی بڑھانے اور زرعی ترقی کےلیے ضروری قرار دیا گیا تھا۔

10 مارچ کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ کچھ یک طرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں، بطور صدر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے یک طرفہ حکومتی فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ 4 اپریل کو ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم کی جنگ پاکستان تو کیا عالمی سطح پر لڑ کر آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی دنیا کو منایا کہ ہمارے دریائے سندھ کو بچانا ہے جب کہ کینالز کے حوالے سے حکومت کے یکطرفہ فیصلے کو پاکستان پیپلزپارٹی سپورٹ نہیں کرتی۔

Similar Posts