آئی سی سی نے بنگلا دیش کی ٹی 20 میچز بھارت سے منتقلی کی درخواست مسترد کردی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر یہ درخواست دی تھی، تاہم آئی سی سی نے بنگلا دیش کو طے شدہ شیڈول کے مطابق بھارت میں میچز کھیلنے کا کہا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارت نہ جانے کی صورت میں پوائنٹس ضائع ہونے کا امکان ہو سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے برعکس بنگلا دیش کرکٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ایسا کوئی الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔

بنگلا دیش کرکٹ کے مطابق معاملے پر بات چیت جاری ہے اور ابھی تک کسی حتمی فیصلے یا دباؤ سے متعلق باضابطہ طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔

بنگلا دیش کی جانب سے میچز کی منتقلی کی درخواست کی بنیادی وجہ سیکیورٹی خدشات بتائی جا رہی ہے۔

ایک روز قبل بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے کسی صورت بھارت نہیں جائے گی۔ ان کے بیان کے بعد اس معاملے نے مزید توجہ حاصل کی۔

اسی پس منظر میں ایک اہم واقعہ یہ بھی سامنے آیا تھا کہ آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو مبینہ طور پر بھارتی ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔

اس فیصلے کے بعد دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلا کر اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔

Similar Posts