26 نومبر 2024 احتجاج پر درج مقدمہ میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

0 minutes, 0 seconds Read
انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر 2024 احتجاج پر درج مقدمہ میں علیمہ خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، ملزمہ کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد جبکہ پراسیکیوشن کی استدعا پر عدالت نے مقدمہ کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دے دیا۔

علیمہ خان کے خلاف مقدمہ کی سماعت کل جمعرات تک ملتوی کر دی گئی، مقدمہ کی سماعت اے ٹی سی کے جج امجد علی شاہ نے کی۔

ملزمہ کی جانب سے ان کے وکیل فیصل ملک جبکہ سرکار کی جانب سے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت پیش ہوئے۔سماعت کے دوران 5 ملزمان کے وکلاء کی جانب سے 10 گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی جبکہ ملزمان کے وکلاء کی جانب سے ان گواہان پر آج جرح نہ ہو سکی۔

مقدمہ کے پراسیکیوٹر ظہیر ںشاہ کا سماعت کے موقع پر کہنا تھا کہ اس قدمہ کی 28 سماعتیں ہوچکی ہیں، علیمہ خان کی کنڈکٹ کی وجہ سے یہ مقدمہ مسلسل تاخیر کا شکار ہے لہذا مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا جائے۔

علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر بھی پراسیکیوشن نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کے ساتھ لاہور میں زیر سماعت مقدمات کی کاز لسٹ موجود نہیں ہے جس پر عدالت نے ملزمہ علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

Similar Posts