کراچی پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دینے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کراچی پریس کلب پہنچے، پریس کلب آمد پر سدر فاضل جمیلی، جنرل سیکریٹر اسلم خان اور باڈی کے دیگر عہدیداران اور ممبران نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا پرتباک استقبال کیا۔
کراچی پریس کلب کی نو منتخب عہدیداران نے صدر فاضل جمیلی اور جنرل سیکریٹری اسلم خان کی سربراہی میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پریس کلب کے عہدیداران نے پریس کلب آمد پر سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا درپیش مسائل سے متعلق آگہی دی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کلب کے عہدیداران کو مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کروانے کی یقین دہانی کروائی۔
ملاقات کے دوران گفتگو اور بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور جب بھی صحافیوں کو معاونت کی ضرورت پڑی، حکومت سندھ اور پیپلز پارٹی آزادی صحافت، صحافی تنظیموں اور صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی تاریخ گواہ ہے کہ جمہوریت کی جدوجہد میں پیپلز پارٹی اور صحافی ہمیشہ ایک ساتھ رہے ہیں، اب بھی خواہش ہے کہ صحافیوں کے آج اور کل کو محفوظ بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے ہر شعبے میں تاریخی کام کیے ہیں، خاص طور پر صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، سندھ کے اسپتالوں میں کسی مریض کا شناختی کارڈ یا ڈومیسائل نہیں دیکھا جاتا اور لاکھوں روپے مالیت کا علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی اولین ترجیح صحت عامہ کا مضبوط نظام ہے اور سندھ کے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتالوں میں پورے پاکستان سے آنے والے شہریوں کو بلا تفریق مفت علاج کی سہولت دی جا رہی ہے، حتیٰ کہ دنیا کے صرف چند ممالک میں دستیاب سائبر نائف جیسی جدید سہولت بھی سندھ میں مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، کراچی کے بعد حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی ایسی کوششیں کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ حکومتوں کی ذمہ داری ہے اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اظہار رائے کی آزادی کے لیے جدوجہد کی ہے، صحافیوں کے مستقبل اور کیریئر کو محفوظ بنانے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، چاہے وہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہو یا نہ ہو۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے پنک بسیں شروع کی گئیں اور ماحول دوست ای وی بسیں متعارف کروائی گئیں، جو خواتین صحافی ڈرائیونگ لائسنس جمع کرائیں گی، انہیں باقاعدہ ٹریننگ دی جائے گی اور انہیں دس دن کے اندر خواتین صحافیوں کو مفت اسکوٹیز فراہم کی جائیں گی ، حکومت سندھ ٹنڈوالہ یار، خیرپور اور شکارپور میں پیپلز بس سروس شروع کرنے جا رہی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کو سندھ میں خوش آمدید کہا جائے گا، سندھ مہمان نوازوں کی دھرتی ہے اور آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے انہیں مکمل سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے طرز سیاست، طالبان کے دفاتر کھولنے اور عمران حکومت کے دور میں دہشت گردوں کی رہائی جیسے معاملات پر شدید اعتراضات ہیں، سانحہ اے پی ایس دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین واقعہ تھا، بنوں جیل ٹوٹنے جیسے واقعات نے کئی سوالات کو جنم دیا، سیاسی اختلاف اپنی جگہ مگر مہمان نوازی سندھ کی روایت ہے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے اور کچے کے علاقوں میں سندھ پولیس نے مؤثر آپریشن کیے ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی سرگرمیوں کا حق ہے، سندھ حکومت کسی کو نہیں روکے گی، تاہم انتشار، نفرت انگیزی اور قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔