ہر گھر تک صحت کی سہولت، وزیراعلیٰ مریم نواز کا کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام شروع

0 minutes, 0 seconds Read
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب کے پہلے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز پروگرام کا شاندار آغاز کیا، جس کا مقصد ہر گھر تک صحت کی سہولیات پہنچانا اور بیماریوں کی بروقت تشخیص کو ممکن بنانا ہے۔

پنجاب ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریب میں صوبے بھر سے 55 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے اسٹیڈیم کے ٹریک پر طویل چکر لگا کر ہر ضلع سے آنے والی انسپکٹرز کا خیر مقدم کیا اور ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ ’’جب مائیں، بہنیں اور بیٹیاں میدانِ عمل میں نکل آئیں تو پنجاب کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔ پنجاب کی بیٹیاں اس صوبے کی تقدیر بدل دیں گی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ 25 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز فیلڈ میں نکلیں گی اور گھروں تک جا کر بیماریوں کی شناخت اور ابتدائی علاج فراہم کریں گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اب بیماری کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ خود گھر گھر جا کر احتیاطی تدابیر اور تشخیص فراہم کرے گی۔ کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز بلڈ شوگر، ابتدائی تشخیصی ٹیسٹ اور انجکشن بھی فراہم کر سکیں گی جبکہ ہر گھر کا ڈیجیٹل ہیلتھ پروفائل تیار کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے تحت 25 ہزار افراد کو روزگار ملا ہے اور ہر کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹر کو 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جا رہی ہے، جبکہ کارکردگی بہتر ہونے پر تنخواہ میں اضافہ بھی کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز کو مشن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوکری نہیں بلکہ خدمت کا جذبہ ہے، اور قوم کی بیٹیاں گھروں میں جا کر عوام کی خدمت کریں گی، ان کی عزت سب پر فرض ہے۔

تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، بینڈ کی دھنوں پر انسپکٹرز نے مارچ پاسٹ کیا، اور موبائل فون کی لائٹس روشن کر کے مہمانوں کا استقبال کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے بھی پرجوش خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو سراہا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کی حکومت پرو ایکٹو گورننس پر یقین رکھتی ہے اور ہر شہری تک صحت کی جدید سہولتیں پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

Similar Posts