پہلا ٹی 20: سری لنکا کی بیٹنگ جاری، 113 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ

0 minutes, 0 seconds Read

3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے، پاکستانی بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم مشکلات کا شکار ہے۔

سری لنکن ٹیم نے 16 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنالیے ہیں۔ جنتھ لیاناگے 37 اور کپتان داسن شناکا ایک رن کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ دمبولا میں کھیلا جارہا ہے، جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم متوازن ہے اور تمام شعبوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

میچ میں پاکستان کی فائنل الیون کا بھی اعلان کردیا گیا ہے، جس میں آل راؤنڈر شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے جو طویل عرصے بعد ٹی 20 ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ شاداب خان کی شمولیت سے ٹیم کے بولنگ اور بیٹنگ شعبے میں مزید توازن آنے کی امید کی جا رہی ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، کپتان سلمان علی آغا، فخر زمان اور عثمان خان شامل ہیں جب کہ آل راؤنڈر محمد نواز اور فہیم اشرف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ بولنگ اٹیک کی ذمہ داری محمد وسیم جونیئر، سلمان مرزا اور اسپنر ابرار احمد کو سونپی گئی ہے۔

سری لنکا کی پلیئنگ الیون

سری لنکا کی ٹیم کی کپتانی داسن شناکا کے سپرد ہے، اس کے علاوہ پاتھم نسانکا، کامل مشارا، کوسل مینڈس، دھننجایا ڈی سلوا، چریتھ اسالنکا، جنتھ لیاناگے، ونندو ہسرنگا، دشمنتھا چمیرا، مہیش تھیکشانا اور نووان تھشارا شامل ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز کا دوسرا مقابلہ 9 اور تیسرا 11 جنوری کو ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز آئندہ بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلے میں نہایت اہم قرار دی جا رہی ہے جہاں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل رہا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اب تک 27 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں، جن میں پاکستان نے 16 جب کہ سری لنکا نے 11 میچز جیتے ہیں۔ دونوں ٹیمیں آخری بار پاکستان میں کھیلی گئی سہ فریقی سیریز کے فائنل میں آمنے سامنے آئی تھیں، جہاں پاکستان نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

فارم گائیڈ پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان اس میچ میں بہتر مومینٹم کے ساتھ میدان میں اترا ہے۔ گرین شرٹس نے اپنی آخری 5  ٹی 20 میچز میں صرف ایک شکست کھائی ہے، جو اتفاقاً سری لنکا کے خلاف ہی تھی۔ دوسری جانب سری لنکا کو آخری 5 میچز میں صرف 2 فتوحات حاصل ہو سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹی 20 سیریز کے لیے ٹرافی کی رونمائی کی گئی تھی، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں تھیں۔

Similar Posts