پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائز ’حیدرآباد‘ 175، ’سیالکوٹ‘ 185 کروڑ روپے میں نیلام

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی کا عمل مکمل ہوگیا ہے، پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم حیدرآباد 175 اور آٹھویں ٹیم سیالکوٹ 185 کروڑ روپے میں نیلام ہوگئی ہیں۔

جمعرات کو پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے نیلامی کا عمل جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد ہوا، تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور وفاقی وزرا سمیت بڑی تعداد میں کھلاڑیوں اور حکام نے شرکت کی جب کہ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد بولی میں 9 پارٹیاں شریک تھیں۔

تقریب کے آغاز میں نیلامی میں حصہ لینے والے 10 بڈرز اور 6 ممکنہ شہروں کا تعارف کرایا گیا، اس کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گھنٹی بجا کر نیلامی کھلنے کا باضابطہ اعلان کیا جب کہ وسیم اکرم نے آکشنر کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

ساتویں ٹیم کی نیلامی

پاکستان سپر لیگ کی ساتویں کی نیلامی 110 کروڑ روپے سے شروع ہوئی، نیلامی کے عمل کے دوران ایف کے ایس اور آئی ٹو سی گروپس کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔

ابتدائی نیلامی کے بعد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بولی لگا کر پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم خرید لی اور اس فرنچائز کا نام حیدرآباد منتخب کرلیا۔

آٹھویں ٹیم کی نیلامی

نیلامی کے دوسرے اور آخری مرحلے میں پی ایس ایل کی آٹھویں ٹیم کی نیلامی 170 کروڑ روپے سے شروع ہوئی، جس کے لیے خوب مقابلہ ہوا۔

او زیڈ ڈیولپرز نے آٹھویں ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 185 کروڑ روپے کی بولی لگا کر لیگ کی مہنگی ترین ٹیم خرید لی اور ٹیم کے لیے سیالکوٹ شہر کا نام  منتخب کرلیا۔

پی ایس ایل کی ساتویں اور آٹھویں  ٹیم مجموعی طور پر 3 ارب 60 کروڑ روپے میں فروخت ہوئیں۔ اس طرح پی ایس ایل میں 2 نئی ٹیموں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی شمولیت سے مجموعی ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک ہوگا، جس میں اب پہلی مرتبہ 8 ٹیمیں ان ایکشن ہوں گی، جن میں کراچی کنگز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، ملتان سلطانز، حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔

واضح رہے کہ دونوں نئی ٹیموں کو مالکانہ حقوق 10 سال کے لیے دیے گئے ہیں جب کہ بولی جیتنے والے دونوں گروپس پاکستانی ہیں۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب کے اختتام پر نیلامی جیتنے والے بڈرز کو مبارکباد پیش کی اور پی ایس ایل کی کامیابی پر لیگ اور پی سی بی کے ممبران کی کاؤشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس سے قبل نیلامی کی تقریب میں پاکستان شاہین اور ہانک کانگ سکسز کی ٹیمیں بھی شامل ہوئیں جنہیں حالیہ ٹورنمنٹس میں کامیابیوں پر انعامات سے نوازا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے رائزنگ اسٹار ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو 9 کروڑ روپے کی انعامی رقم دی۔ اس کے علاوہ ہانگ کانگ سکسز جیتنے والی ٹیم کو ایک کروڑ 85 لاکھ روپے انعام سے نواز گیا۔

Similar Posts