ایکسپریس نیوز کے مطابق دفترخارجہ نے 23 اسلامی ممالک اوراوآئی سی کا مشترکہ بیان جاری کر دیا جس میں اسرائیل کے ایک اہلکار کے 6 جنوری کو “صومالی لینڈ” کے غیر قانونی دورے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریحاً خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے منافی ہے۔
اسلامی ممالک نے صومالیہ کی وفاقی جمہوریہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ صومالیہ کی خودمختاری، قومی اتحاد اور علاقائی سا لمیت کا احترام کرے اورصومالی لینڈ کی تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ علیحدگی پسند ایجنڈے کی حوصلہ افزائی ناقابل قبول ہے جو پہلے سے کشیدگی کے شکار خطے میں تناوٴ کومزید بڑھا سکتی ہے۔
مشترکہ بیان الجزائر، بنگلہ دیش، کوموروس، جبوتی، مصر، گیمبیا، انڈونیشیا، ایران، اردن، کویت، لیبیا ، مالدیپ، نائجیریا، عمان، پاکستان، فلسطین، قطر، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، ترکی، یمن اور او آئی سی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔