سعودی وزیر داخلہ کے معاون لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی خالق حقیقی سے جا ملے

0 minutes, 0 seconds Read
سعودی عرب کے ایک بہادر، باوقار اور جری کمانڈر کا انتقال ہوگیا جنھوں نے وزارت داخلہ کی پالیسی سے لے کر اس کے نفاذ تک میں اہم کردار نبھایا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزیر داخلہ کے معاون برائے آپریشنل امور لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی قضائے الہی سے انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی تصدیق سعودی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک باضابطہ بیان کے ذریعے کی۔

وزارت داخلہ کے بیان میں مرحوم کے اہلِ خانہ اور تمام لواحقین سے گہرے دکھ اور دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف نے بھی لیفٹیننٹ جنرل سعید القحطانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

انھوں نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر افسر نے تقریباً 60 برس تک وزارت داخلہ میں نہایت اخلاص، پیشہ ورانہ مہارت اور مثالی انداز میں خدمات انجام دیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث سعید القحطانی کو سعودی داخلی سلامتی کے نظام میں ایک اہم ستون کی حیثیت حاصل تھی۔

خیال رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سعید بن عبداللہ القحطانی نےکنگ فہد سکیورٹی کالج سے گریجویشن کیا تھا اور وزارت داخلہ میں مختلف اہم اور حساس عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

انھوں نے داخلی سلامتی، آپریشنز اور سیکیورٹی پالیسیوں کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا وہ ایک منظم، باصلاحیت اور باوقار افسر کے طور پر شہرت رکھتے تھے۔

 

Similar Posts