تفصیلات کے مطابق سولجر بازار 3 نمبر آواز دسترخوان کے قریب فائرنگ سے 38 سالہ شہناز زوجہ عظیم قریشی زخمی ہوگئی جسے چھیپا کے رضا کاروں نے فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا جبکہ خاتون کو کاندھے کے قریب گولی لگی تھی۔
ٹیپو سلطان کے علاقے شارع فیصل نرسری پل کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ آصف علی زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔پولیس کے مطابق مضروب سیکورٹی گارڈ ہے جبکہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا جس کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔
سولجر بازار میں فائرنگ کے دوسرے واقعے میں نشتر پارک رکشا ہوٹل کے قریب فائرنگ سے 52 سالہ حیدر عباس زخمی ہوگیا جسے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او سولجر بازار وقار عظیم کا کہنا ہے کہ مضروب نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے آتے ہی اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات اور سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہے۔
شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے جام کنڈہ روڈ کے قریب فائرنگ کے پراسرار واقعے میں 25 سالہ عزیز زخمی ہوگیا جسے ایدھی کے رضا کاروں نے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا۔
ایس ایچ او شاہ لطیف ممتاز مروت نے بتایا کہ معاملہ مشکوک ہے، مضروب نے پولیس کو بتایا کہ اسے نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی ہے جبکہ اس کی شلوار میں گولی لگنے کا نشان نہیں ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مضروب خود نشے کا عادی ہے جبکہ پولیس جناح اسپتال میں موجود ہے اور اس حوالے سے مزید چھان بین کی جا رہی ہے۔