شدید دھند کے باعث سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ دکھانے سے قاصر ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت چودہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بعض علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، موسم خشک اور سرد رہے گا۔
دوسری جانب دھند کے باعث لاہور میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دھند نے پروازوں کا نظام درہم برہم کر دیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اندرون و بیرون ملک جانے اور آنے والی 22 پروازیں متاثر ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم اور دھند کی وجہ سے دبئی، جدہ، ابو ظہبی، ریاض، استنبول، دوحہ، کراچی اور شارجہ جانے اور آنے والی پروازیں دو سے پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار رہیں۔ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حدِ نگاہ کم ہو کر 50 میٹر تک رہ گئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق دھند میں لینڈنگ کے سسٹم موجود ہونے کے باوجود بعض ایئرلائنز نے اپنی پروازیں آپریٹ نہیں کیں۔ سعودی، اتحاد، ایئر بلیو، پی آئی اے، امارات، ترکش ایئرلائن سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کی پروازیں متاثر ہوئیں۔
پی آئی اے سمیت تمام ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ آنے سے قبل اپنی پروازوں کی تازہ معلومات ضرور حاصل کریں۔