جیسا وینزویلا نے امریکا کیساتھ معاہدہ کیا ویسا ہی دیگر ممالک کو بھی کرنا چاہیئے؛ ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وینزویلا میں بڑی کارروائی کے بعد اب ہر بڑی آئل کمپنی ہمارے ساتھ آ رہی ہے اور یہ حیران کن ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا کہ جب امریکا پھلتا پھولتا ہے تو دنیا بھی ترقی کرتی ہے۔

صدر ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم سے اپنے خطاب کے ابتدائیہ میں ہی خاصا وقت وینزویلا پر گفتگو کی۔

امریکی صدر نے پیش گوئی کی کہ نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد وینزویلا امریکی کنٹرول میں شاندار کارکردگی دکھائے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وینزویلا اگلے چھ ماہ میں اتنا پیسہ کمائے گا جتنا اس نے پچھلے 20 سال میں نہیں کمایا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہر بڑی آئل کمپنی ہمارے ساتھ آ رہی ہے اور یہ حیران کن ہے۔ تاہم انھوں نے اس کی مزید تفصیل بیان نہیں کی۔

ٹرمپ نے وینزویلا کی عبوری صدر دلسی رودریگز کی قیادت میں چلنے والی انتظامیہ کی تعریف کی اور کہا کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ اچھے طریقے سے تعاون کر رہی ہے۔

امریکی صدر نے مزید بتایا کہ جیسے ہی وہاں امریکی حملہ ختم ہوا تو وینزویلا کی نائب صدر نے امریکا کو پیغام دیا کہ آؤ معاہدہ کرتے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی نائب صدر کے معاہدہ کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے مشورہ دیا کہ دیگر ممالک کو بھی یہی کرنا چاہیے۔

امریکی صدر نے یورپی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپ کے بعض حصے، سچ کہوں تو، اب پہچان میں نہیں آتے۔ وہ اب پہلے جیسے نہیں رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ یورپ ترقی کرے، لیکن یہ صحیح سمت میں نہیں جا رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گرین انرجی پر ضرورت سے زیادہ توجہ اور بڑی تعداد میں ہجرت (امیگریشن) وہ عوامل ہیں جنہوں نے یورپ کو نقصان پہنچایا۔

 

Similar Posts