ٹی 20 ورلڈ کپ پر بھارت سے تنازع: پاکستان بنگلہ دیش کے میچز کی میزبانی کے لیے تیار

پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز پر بھارت سے تنازع کے درمیان بنگلہ دیش کے میچز کی میزبانی کی پیشکش کردی ہے، ذرائع کے مطابق اگر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اجازت دیتی ہے تو پاکستانی میدانوں پر میچز منعقد کیے جا سکتے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے باضابطہ میزبان بھارت اور سری لنکا ہیں جبکہ سری لنکا میں گراؤنڈز کی کمی ہے۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم نے اپنے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے اور سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں سری لنکا میں منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست پر آئی سی سی غور کر رہی ہے۔

بنگلہ دیش کے مشیر برائے کھیل آصف نذرالاسلام نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنا چاہتی ہے لیکن بھارت میں کھیلنے کے بجائے سری لنکا میں اپنے میچز کھیلنا ترجیح دیں گے۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر تفصیلی خدشات اور شواہد پیش کیے ہیں، جس میں نہ صرف کھلاڑیوں بلکہ میڈیا پرسنز، فینز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی سیکیورٹی اور ویزوں کے معاملات بھی شامل ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی کو اپنے خط میں کہا ہے کہ بھارت کھیل کے لیے محفوظ ملک نہیں اور یہاں سیاست سے کھیل تک سب کچھ انتہا پسند عناصر کے زیر اثر ہے۔

بورڈ نے گزشتہ تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی پی ایل میں بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو شامل کرنے کے خلاف بھارت میں دباؤ ڈالا گیا اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے کھلاڑی کو ٹیم سے خارج کر دیا ہے۔ اس کے پیش نظر بنگلہ دیشی بورڈ چاہتا ہے کہ ان کے میچز محفوظ ماحول میں ہوں تاکہ کھلاڑی اور دیگر اسٹیک ہولڈرز بلا خوف و خطر کھیل سکیں۔

Similar Posts