کراچی میں ایک اور نادرا میگا سینٹر کے قیام کا فیصلہ

کراچی میں ایک اور نادرا میگا سینٹر کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہےـ

تفصیلات کے مطابق نادرا ریجنل ہیڈ آفس کراچی اور ٹی ایم سی کورنگی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر 13 جنوری کو دستخط کئے جائیں گے۔

میگا سینٹر کورنگی، 30 ون ونڈو کاؤنٹرز پر مشتمل ہوگا۔ روزانہ 2,500 سے 3,000 درخواست گزاروں کو سہولت فراہم کرنے کی گنجائش ہو گی۔

علاوہ ازیں جانشینی سرٹیفکیٹ کاؤنٹر، پاک آئی ڈی کاؤنٹر، سیلف سروس کاؤنٹر، تھیلیسیمیا ٹیسٹ کاؤنٹر، اسلحہ لائسنس کاؤنٹر اور بزرگ شہریوں کے لئے علیحدہ کاؤنٹر بنائے جائیں گے۔ میگا سینٹر میں ایک زونل آفس بھی قائم کیا جائے گا۔

کورنگی، لانڈھی، کورنگی کریک، شاہ فیصل کالونی، ملیر ماڈل کالونی، چکرا گوٹھ، بن قاسم، اسٹیل ٹاؤن، ابراہیم حیدری، قیوم آباد اور گرد و نواح کے دیگر علاقوں کے تقریباً 40 لاکھ شہریوں کو ایک چھت تلے نادرا کی تمام خدمات تک آسان رسائی میسر ہو گی۔

Similar Posts