جنوری میں شدید سردی کے باعث اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات شیڈول میں تبدیلی پر غور

محکمہ تعلیم حکومت سندھ نے آئندہ تعلیمی سیشن 2026/27 سے موسم سرما کی تعطیلات کا شیڈول تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے، شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ سرد موسم کی دسمبر کے بجائے جنوری میں شدت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

اس معاملے کو آئندہ ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں شامل کیا جارہا ہے جس کے بعد امکان ہے کہ آئندہ تعلیمی سیشن میں کراچی سمیت پورے سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات دسمبر کے آخری عشرے کے بجائے جنوری سے شروع ہوں۔

محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ کئی برس سے موسمی تغیرات کا مشاہدہ کیا جارہا ہے جس کے مطابق سندھ میں ماہ دسمبر میں موسم سرما میں شدت نہیں ہوتی جنوری میں جب موسم سرد ہوجاتا ہے اور یخ بستہ ہوائیں چلتی ہیں اور درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ تک آجاتا ہے تو ایسے موقع پر اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہوجاتی ہیں اور یکم جنوری سے اسکول کھل جاتے ہیں اور بچے انتہائی سخت موسم میں اسکول جاتے ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ چونکہ رواں سیشن میں اس بار  تعطیلات ختم ہوچکی تھیں اور اسکول کھلتے ہی موسم مزید سرد ہوگیا، لہٰذا محکمہ نے وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ کی منظوری سے طلبہ کی آسانی کے لیے فوری طور پر اسکولوں کے اوقات دو ہفتے کے لیے تبدیل کردیے اور پیر 12 جنوری سے 26 جنوری تک اسکول صبح 9 بجے شروع ہونگے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا۔

 تاہم اب آئندہ برس کے لیے اس معاملے کو محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی میں بحث کے لیے شامل کیا جارہا ہے اگر اسٹیئرنگ کمیٹی اس کی منظوری دیتی ہے تو ایسی صورت میں نئے تعلیمی کلینڈر میں کراچی سمیت پورے سندھ میں اب موسم سرما کی تعطیلات جنوری 2027 کے پہلے عشرے میں متوقع ہیں۔

Similar Posts