کراچی، ایس آئی یو پولیس کا قتل کیس میں ملوث ملزمان سے مقابلہ، دو ملزمان ہلاک

شہر قائد کے علاقے ماڑی پور بدہنی گوٹھ کے قریب ایس آئی یو (اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ) پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ڈکیتی کے دوران قتل کے مقدمے میں مطلوب دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو محمد عمران خان کے مطابق دورانِ ڈکیتی قتل کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس آئی یو پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔

ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے موقع سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے جو وارداتوں میں استعمال ہونے کا شبہ ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی بھی مکمل کی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی محمد عمران خان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Similar Posts