ہم اکثر گھروں میں پائے جانے والے کیڑوں جیسے کاکروچ، مچھر، مکڑی، سانپ یا شہد کی مکھیاں وغیرہ کے بارے میں فکر مند رہتے ہیں اور ان سے چھٹکارا پانے کے طریقے تلاش کرتے رہتے ہیں۔ لیکن ایک اور عام کیڑا اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور وہ ہے ”ٹڈا“ جو کئی صورتوں میں شدید پریشانی کا باعث بن سکتا ہے، خاص طور پر جب اسے ٹڈی دل سمجھ لیا جائے یا فرق پہچاننا مشکل ہو جائے۔
ماہرِین حشرات کے مطابق، ٹڈا اور ٹڈی دل دیکھنے میں ایک جیسے ہوتے ہیں۔ دونوں کے جسم لمبے ہوتے ہیں، پچھلی ٹانگیں بڑی ہوتی ہیں اور دونوں اچھلنے اور اُڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تاہم، اصل فرق ان کے رویے اور تعداد میں ہوتا ہے۔
گرمیوں میں مکھیوں سے چھٹکارا پانے کے آسان گھریلو ٹوٹکے
ان کے مطابق، ٹڈے عموماً اکیلے یا گنی چنی تعداد میں پائے جاتے ہیں، جب کہ ٹڈی دل ایک ساتھ حملہ آور ہوتے ہیں اور بڑی تیزی سے پودوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
اگر آپ کو چند کیڑے اچھلتے نظر آئیں تو وہ ٹڈے ہو سکتے ہیں، لیکن اگر پورا غول پودوں کے پتے چباتا ہوا دکھائی دے تو یہ خطرے کی گھنٹی ہے کیونکہ وہ ٹڈی دل ہو سکتا ہے۔
مچھروں کو بھگانے کے آسان گھریلو ٹوٹکے
ٹڈے گھروں کا رُخ کیوں کرتے ہیں؟
گرچہ ٹڈے عام طور پر کھیتوں اور باغیچوں میں پائے جاتے ہیں، لیکن وہ اکثر گھروں میں بھی داخل ہوجاتے ہیں جس کی کئی وجوہات رکھتے ہیں۔
سب سے اہم وجہ سبز پتوں والے پودے ہوتے ہیں، جس میں ان کے لیے کشش ہوتی ہے اور وہ انہی کی تلاش میں وہ کھڑکیوں اور دروازوں کے قریب آتے ہیں۔
بعض اوقات انتہائی گرمی یا خشک موسم بھی انہیں گھروں میں پناہ لینے پر مجبور کر دیتا ہے۔
روشنیاں بھی انہیں متوجہ کر لیتی ہیں، رات کے وقت گھروں کی روشنیاں خصوصاً برآمدے یا بالکونی کی لائٹس انہیں اپنی جانب کھینچتی ہیں۔
ٹڈوں سے نجات کیسے حاصل کی جائے؟
ماہرین اس ضمن میں چند آسان اور مؤثر گھریلو تدابیر بتاتے ہیں جو ٹڈوں سے نجات میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں:
ٹڈوں کو کھینچنے والی کشش ختم کریں
گھر کے باہر یا کھڑکیوں کے قریب اضافی گملے یا جھاڑیاں نہ رکھیں۔ باغیچے میں زیادہ اُگے ہوئے پودوں کی کٹائی کریں۔ اگر ممکن ہو تو رات کے وقت بیرونی لائٹس بند رکھیں۔
قدرتی اسپرے استعمال کریں
پانی میں لہسن یا نیم کا تیل ملا کر پودوں پر چھڑکیں۔ ٹڈے ان تیز خوشبوؤں سے دور رہتے ہیں۔ آپ تلسی یا گیندے کے پودے بھی لگا سکتے ہیں، جنہیں وہ ناپسند کرتے ہیں۔
اندرآنے سے روک تھام
کھڑکیوں پر جالی نصب کریں تاکہ ٹڈے گھر میں داخل نہ ہو سکیں۔ اگر کوئی ٹڈا اندر آ جائے تو جھاڑو کی مدد سے احتیاط سے باہر نکال دیں۔
عام غلطیاں اور احتیاط
زیادہ تر لوگ فوری ردعمل کے طور پر کیمیکل والے اسپرے گھر کے اندر استعمال کرتے ہیں، جو نہ صرف ماحول بلکہ بچوں اور پالتو جانوروں کی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔
صحت کے ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ اگر آپ صرف گھر کے اندر صفائی پر توجہ دیں گے اور باہر کے ماخذ پر قابو نہیں پائیں گے، تو یہ کیڑے بار بار واپس آئیں گے۔ باغیچے اور بیرونی حصے کی صفائی اور نظم و ضبط سب سے ضروری ہے۔
رات کے وقت بیرونی لائٹس بند رکھیں، باغیچے کو صاف رکھیں، اور کیڑوں کے داخلے کے راستے بند کریں۔
سب سے بڑھ کردیر نہ کریں بلکہ جلد ازجلد انہیں بھگانے کی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ جب تک کیڑے گھر میں داخل ہو جائیں، وہ پہلے ہی نقصان کر چکے ہوتے ہیں۔
ٹڈے اور ٹڈی دل میں فرق جاننا صرف معلوماتی نہیں بلکہ آپ کے گھر اور پودوں کو بچانے کے لیے ضروری ہے۔ قدرتی طریقوں سے ان کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے اوراحتیاط، بروقت اقدام اور سمجھداری ہی سب سے مؤثر ہتھیار ہیں۔