9 مئی کو فالس آپریشن قرار دینے والوں کے ناموں کی فرانزک رپورٹ میں تصدیق بھی ہوگئی، عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو پشاور میں ہونے والے ہنگاموں میں وزیر اعلیٰ کے پی کی فوٹیج سامنے آئی ہے جو پنجاب فرانزک سے تصدیق شدہ ہے، ان کو جھوٹ بولنے اور اپنے گناہوں کو نہ ماننے کی بیماری ہے۔

لاہور ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی نے بھی کچھ پوسٹیں اپنے سوشل میڈیا پر لگائی تھیں لیکن بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ کامران بنگش، تیمور جھگڑا اور سہیل آفریدی کی فوٹیج جو ان کے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تھیں ان کا مکمل تجزیہ کیا گیا ہے۔ مراد سعید کی فوٹیج بھی ریکارڈ پر ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں آپ کو جگہیں بتا دی گئی ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ابھی یہ کہتے ہیں 9 مئی کو فالس آپریشن تھا، ان کے لیے بے شمار ثبوت اکٹھے ہو چکے ہیں۔ پشاور میں ریڈیو اسٹیشن کے پاس کور کمانڈر ہاؤس ہے جب ان کو وہاں جانے کی اجازت نہیں ملی تو انہوں نے ریڈیو اسٹیشن کو آگ لگا دی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے پی کراچی کے دورے پر ہیں جن کا کام صرف انارکی پھیلانا، بدتمیزی کرنا اور میڈیا پر حملہ کرنا ہے۔ سی ایم کے پی کے مزار قائد بھی گئے اور مجھے یقین ہے انہوں نے قائد کے مزار پر معافی مانگی ہوگی کہ کس طرح انہوں نے جناح ہاؤس پر جلاو گھیراو کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل میں نے ایک فوٹیج دیکھی جس میں ایک بچے کو گود میں بٹھا کر ایک فوٹیج جاری کی گئی اور اس پر بڑے فخر سے بتا رہے ہیں کہ یہ بچہ خیبر پختونخوا سے یہاں کمانے آیا ہے۔ ان کو شرم نہیں آتی کہ ایک بچہ ان کے صوبے کا چائلڈ لیبر پر مجبور ہے اور روزگار بھی اسے اپنے صوبے میں نہیں ملا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں جلسہ کرنے کا شوق تھا اور جب جلسے کے لیے جگہ دی گئی تو وہاں کے بجائے سڑکوں پر لوگوں تنگ کر کے نکلنے کی ضد کی گئی۔ فساد گروپ کی ہمیشہ سے کوشش رہتی ہے کہ ملک میں حالات خراب کیے جائیں، ان کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کو پیسے بھی سیدھے طریقے سے لوگ نہ بھیجے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک مہاتما کہتے تھے کہ ان کی پارٹی کے لوگ دہشت گردی میں ملوث ہوئے تو ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایک فرانزک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں ریڈیو پشاور پر حملہ کرنے والوں کے نام سامنے آئے ہیں۔ کے پی والے کہہ رہے ہیں کہ فرانزک رپورٹ لاہور کیوں بھجوائی، بھائی آپ 13 سال سے کے پی میں ہیں تو بنا لیتے۔

انہوں نے کہا کہ کیا کوئی نئی سازش پلان ہو رہی ہے، ادھر ہم ادھر تم کا نعرہ لگا تھا اور اس کی قیمت ادا کی، تمھارا پاکستان اور ہمارا پاکستان کا مطلب کیا ہے۔ ریاست کو اپنے سامنے جھکانے اور قانون کو باندھی بنانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے اندر مقدمات میں سزائیں ہو چکی ہیں، ہم رانا ثناء اللہ کی طرح فیک ہیروئن ڈال کر سزائیں موت نہیں دینا چاہتے۔ مریم نواز کو کہا گیا تھا کہ بی کلاس لے سکتی ہیں لیکن انھوں نے نہیں لی، جب انقلاب نکلتا ہے تو وہ یہ نہیں کہتا کہ مجھے ڈنڈے مارو گے تو میں نہیں نکلوں گا، ان کو کھلی چھوٹ اب تک ملی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنے بھی ملک میں اچھے کام ہوئے ہیں چاہے وہ ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے کام ہوں یا ترقیاتی کام ہوں وہ ایک ہی پولیٹیکل پارٹی کے دور میں ہوئے ہیں جبکہ دوسری جانب ایک سیاستدان کو اس ملک نے بہت عزت دی لیکن اس کی کارکردگی کو دیکھیں تو سوائے بھنگ کی کاشت اور انڈے کٹے کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہر نیا سال پاکستان کے لیے اچھی خوشخبریاں اور خوشحالی کی طرف بڑھ رہا ہے، انٹرنیشنل ریٹنگز اکانومی کے حوالے سے ہوں یا کسی اور سے متعلق پوری دنیا میں مانا جارہا ہے۔ اوورسیز کی طرف سے ریکارڈ پیسے پاکستان بھیجے گئے ہیں۔

Similar Posts