ٹرمپ کا ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت معاشی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ایران سے تجارت کرنے والے تمام ممالک پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

اپنے پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی پالیسیوں اور سرگرمیوں کے باعث عالمی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں، اسی لیے ایران پر معاشی دباؤ بڑھانا ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جو ممالک ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات برقرار رکھیں گے، انہیں امریکا کی جانب سے 25 فیصد اضافی ٹیرف کا سامنا کرنا ہوگا۔

امریکی صدر نے کہا کہ یہ حکم حتمی ہے اور اس اقدام کا اطلاق فوری طورپر ہوگا اور  وہ تمام ممالک جو  ایران کے ساتھ کاروبار کریں گے، انہیں امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارت پر 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر کا حالیہ حکم ایران میں جاری مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے تناظر  میں سامنے آیا ہے۔

واضح رہے کہ ایران میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں اور امریکی  انسانی حقوق تنظیم کے دعوے کے مطابق دو ہفتے سے جاری مظاہروں میں 500 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Similar Posts