عظیم ریلیوں نے دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملا دیا، اِیرانی سپریم لیڈر

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں پر قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک تاریخی دن رقم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی عظیم ریلیوں نے غیر ملکی دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن قوتیں ایران کے خلاف سازشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اندرونی کرائے کے ایجنٹوں کو استعمال کرنا چاہتی تھیں، تاہم ایرانی عوام نے بھرپور شعور، اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان تمام منصوبوں کو خاک میں ملا دیا۔

انہوں نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے میں نہ صرف اپنے مضبوط ارادے بلکہ اپنی قومی شناخت کا بھی بھرپور اظہار کیا ہے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ آج کے یہ مظاہرے دراصل امریکی سیاست دانوں کے لیے ایک واضح پیغام اور انتباہ ہیں۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ ایران کے خلاف اپنے اقدامات فوری طور پر روکے اور خطے میں اپنے آلہ کاروں پر بھروسہ کرنا ترک کرے۔

آیت اللہ علی خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اور باخبر ہے، دشمن کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور اس کے عزائم سے مکمل آگاہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام دشمن کے خلاف ہمیشہ میدان میں موجود رہی ہے اور آئندہ بھی اپنی خودمختاری، آزادی اور قومی وقار کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر ڈٹی رہے گی۔

یادر ہے کہ ایرانی دارالحکومت تہران میں ایرانی حکومت کے حق میں بڑا عوامی مظاہرہ ہوا جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

امریکی ممکنہ حملے کے خدشات کے پیش نظر ایرانی عوام یک زبان ہو گئے، ملک بھر میں حکومت کی حمایت میں ریلیوں کا آغاز ہو گیا۔ دارالحکومت تہران سمیت مختلف شہروں میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔

ریلیوں میں شریک مظاہرین نے حکومت کے حق میں نعرے لگائے جبکہ امریکا مخالف نعروں سے فضائیں گونج اٹھیں۔ عوام نے کسی بھی بیرونی جارحیت کے خلاف ملکی قیادت کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ذرائع کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی ان ریلیوں میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ سیکیورٹی کے انتظامات بھی سخت کیے گئے تھے۔

مظاہرے میں شریک مرد و خواتین نے ایرانی پرچم اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

Similar Posts