کراچی میں سردی کی حالیہ لہر میں کمی کب متوقع؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

شہر قائد میں بلوچستان کی جانب سے یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت برقرار ہے جس کے سبب آج کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق کل سے شہر کے مجموعی درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

بلوچستان کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں متوازن ہونے کا امکان ہے، شہر میں پہلے پہر کوئٹہ اور بعدازاں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔

بلوچستان کی ہواؤں کے اثرات زائل ہونے کے نتیجے میں سردی کی حالیہ لہر میں کمی و موسم معتدل رہ سکتا ہے۔ اگلے چند روز کے دوران صبح و رات کے اوقات میں قدرے خنکی محسوس کی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو کم سے کم درجہ حرارت 9 تا 11 ڈگری اور جمعرات کو 10 تا 12 ڈگری ریکارڈ ہو سکتا ہے۔ جمعرات کو صبح کے وقت شہر کی فضاوں پر دھند چھانے کے سبب حدنگاہ متاثر بھی ہو سکتی ہے۔

صوبے کے میدانی علاقوں میں بھی صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔

Similar Posts