مٹھی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بھی تھر آتا ہوں تو خوشی ہوتی ہے، یہاں کے عوام پیپلز پارٹی، بے نظیر بھٹو اور شہید بھٹو سے محبت کرتے ہیں، جتنی محنت تھرپارکر کی ترقی کے لیے پیپلز پارٹی نے کی ہے تو ثابت کردیا ہے کہ پارٹی کتنا یہاں کی عوام سے محبت کرتی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک سازش کے تحت سندھ کی کردار کشی کی جاتی ہے اس جھوٹے بیانیے کا جواب تھرپارکر کی ترقی ہے، ہماری بدقسمتی ہے کہ آپ کو اپنے وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، جب بے نظیر بھٹو نے کوشش کی تو سازشوں کے تحت اسے ناکام بنادیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھرکول کی وجہ سے معاشی انقلاب آیا،اس کی وجہ سے ہم نے ایک سماجی انقلاب تھرپارکر میں دیکھا ہے، یہاں نہ ڈسپنسری، نہ ہیلتھ یونٹ اور نہ اسپتال ہوتے تھے لیکن اب صحت کا نظام تھرپارکر میں بچھایا گیا ہے، تھرپارکر کی ترقی کے لیے ہم نے تھر فاؤنڈیشن بنائی، تھرپارکر سے حاصل منافع کا ایک حصہ اس فاؤنڈیشن کو دیا جاتا ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں اسی طریقے سے محنت کررہے ہیں، ہماری حکومت عوام دوست حکومت ہے، ہم صوبے کے عوام کے مفاد میں سوچتے ہیں، ہم نے سندھ میں یونیورسٹیز اور اس کے کیمپس کو دگنا کیا، ہم اسی طرح دیگر صوبوں سے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، امید ہے کہ تھرپارکر کے عوام تعلیم حاصل کرکے ہر شعبے میں ترقی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ تھرپارکر میں گلگت کے طالب علم بھی تعلیم حاصل کرنے آئے ہیں۔