شہر قائد کے علاقے صدر میں واقع ایمپریس مارکیٹ میں ضلعی انتظامیہ کے آپریشن کے دوران پرندوں کی دکانوں سے قیمتی طوطے غائب ہوگئے۔
متاثرہ دکاندار روزی خان نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ نے بغیر پیشگی نوٹس مغرب کے بعد بند دکانوں کے تالے اور دیوار توڑ کر کارروائی کی اور اس دوران ان کی تین دکانوں سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی طوطے چوری کیے گئے۔
انھوں نے الزام عائد کیا ہے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کارروائی کے دوران دکانوں کو سیل بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دکانوں سے غائب کیے جانے والے طوطوں میں گرے، کاکا ٹو اور مکاؤ طوطے شامل ہیں۔
متاثرہ دکاندار روزی خان نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائے اور دکان سے غائب کیے جانے والے قیمتی طوطے واپس دلائے جائیں۔