عشرت فاطمہ نے 45 سال کی رفاقت کے بعد ریڈیو پاکستان کو خیرباد کہہ دیا

0 minutes, 11 seconds Read
ریڈیو پاکستان کی معروف نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے 45 سال کی طویل رفاقت کے بعد خیرباد کہہ دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو پیغام میں روایتی انداز میں اجازت چاہتے ہوئے عشرت فاطمہ نے بتایا کہ ‘آج میں ریڈیو پاکستان کے ساتھ اپنی 45 سالہ رفاقت کو خداحافظ کہہ رہی ہوں’۔

سامعین اور ناظرین کو مخاطب کرکے جذبانی انداز میں انہوں نے کہا کہ ‘آپ سے رخصت لینے سے پہلے میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا اور ریڈیو پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، گزشتہ چار دہائیوں سے زیادہ عرصے سے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن نے میری جھولی آپ کی طرف سے ملنے والی عزت اور محبت سے مالامال کیے رکھا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں آپ کے گھروں اور دلوں میں پہنچیں، آج تک آپ کی محبت کے اعلیٰ مقام پر فائز رہنا یقیناً کوئی چھوٹی بات نہیں، میرے اللہ اور میرے والدین کا بڑا کرم ہے، اگر میں آج کچھ ہوں تو یہ میرے رب کا احسان ہے’۔

عشرت فاطمہ نے بتایا کہ ‘یہ بہت مشکل فیصلہ تھا جو میں نے بہت بھاری دل سے کیا، مگر یقیناً میرے رب نے میرے لیے یہاں اتنا ہی لکھا تھا، دعاؤں میں یاد رکھیے گا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ بھی نہ بھولیے گا کہ میں نے ہمیشہ بہت محنت اور بہت انصاف کے ساتھ خلوص سے اپنی ذمہ داری نبھانے کی کوشش کی ہے’۔

عشرت فاطمہ نے ریڈیو پاکستان سے اجازت چاہتے ہوئے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ ‘اللہ مجھے، آپ کو اور اس ادارے اور پیارے پاکستان کو اپنے حفاظت میں رکھے، پاکستان زندہ باد’۔

انہوں نے قومی ادارے سے علیحدگی کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا جبکہ دوسری جانب صحافیوں، براڈ کاسٹنگ سے وابستہ شخصیات اور ایکس کے صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

Last day on Radio Pakistan
App sab ke pyar ka shukria mere social media (YouTube, Instagram, X, threads , Facebook) peh connect rahaiye ga agay ke safar ke liye pic.twitter.com/gEguA3m0lc
— Ishrat Fatima (@OfficialIshrat) January 13, 2026

 

Similar Posts