بابر اعظم کے لیے کیرئیر کا مشکل ترین باؤلر کون؟ نام بتا دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے سخت ترین باؤلر کا نام ظاہر کردیا۔

بابر اعظم نے سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ آج کے دور میں تقریباً ہر ٹیم کے پاس ایسے باؤلرز موجود ہیں جو 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار کے ساتھ گیند کرا سکتے ہیں۔

بابر اعظم نے اپنی جنوبی افریقا کے پہلے ٹور کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اس دورے میں انہیں ’ڈیل اسٹین‘ کے سامنے بیٹنگ کرنا پڑی تھی، جو نہ صرف تیز بلکہ انتہائی چیلنجنگ فاسٹ باؤلنگ کر رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹین کی باؤلنگ کھیلنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور اُس اننگز کے بعد انہیں یقین ہوگیا کہ وہ اب کسی بھی فاسٹ باؤلر کا سامنا کر سکتے ہیں۔

بابر نے جنوبی افریقا کے دیگر اسٹار باؤلر کگیسو رابڈا کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل سمیت تمام فارمیٹس کے بہترین باؤلرز میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تجربہ کار بیٹر کے طور پر جانا جاتا ہے۔ وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں، جنہوں نے 136 میچز میں 4 ہزار 429 رنز 39.54 کی اوسط اور 128.45 کی اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔

وہ ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کے ریکارڈ میں بھارت کے ویرات کوہلی کے ساتھ برابر ہیں، جنہوں نے 38 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

حال ہی میں بابر اعظم نے آسٹریلوی بگ بش لیگ کے 15ویں ایڈیشن میں سڈنی سکسرز کے لیے ڈیبیو کر کے ایک اور سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے آٹھ میچز میں 154 رنز 104.05 کی اسٹرائیک ریٹ سے بنائے، جس میں دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

Similar Posts