شادی شدہ بھانجی سے تعلقات کے شبہے پر اغوا اور قتل کا معما حل

راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی  کے علاقے سے 2 روز قبل  مردہ حالت میں ملنے والے نوجوان کے اندھے قتل کا معما حل  کرکے ملزم کو گرفتار کرلیاگیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے نوجوان کو شادی شدہ بھانجی سے مبینہ تعلقات کے شبہے پر بھانجی اور اس کے خاوند کے ساتھ مل اغوا کیا اور پھندا لگا کر قتل کرکے لاش نالہ لئی میں پھینک دی تھی۔ پولیس نے  دیگر ملزمان  کی گرفتاری کے لیے چھاپے  مارنا شروع کردیے ہیں۔

تفصیلات  میں بتایا گیاہے کہ 26 اکتوبر کو فضل غفار نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ بھانجا سلیم گل میرے ساتھ اعوان چوک میں رہائش پذیر ہے اور 6 دن سے گھر سے پراسرار حالات میں غائب ہے، جس کو تلاش کیا لیکن کچھ پتا   نہیں چلا۔ درخواست پر پولیس نے اغوا کے جرم میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی، تاہم 2 دن قبل مغوی کی لاش نالہ لئی سے ملی، جسے پھندا لگا کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس نے لاش ملنے پر تفتیش کا دائرہ وسیع کیا تو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے تفتیشی افسران کو سراغ ملا کہ مقتول سبزی منڈی میں کام کرتا تھا، جہاں پر اسی علاقے کے عبدالباسط وغیرہ بھی کام کرتے تھے ۔ مقتول کے تعلقات باسط کہ شادی شدہ بھانجی سے استوار ہوگئے تھے۔ پولیس نے عبدالباسط کو شامل تفتیش کیا تو کیس کی کڑیاں کھلتی چلی گئیں اور انکشاف ہوا کہ عبدالباسط نے بھانجی اور اس کے خاوند کے ساتھ مل کر بھانجی ہی سے مبینہ تعلقات کے شبہے پر نوجوان کو اغوا کیا اور پھندا لگا کر قتل کرکے لاش نالہ لئی میں پھینک دی۔

بعد ازاں پولیس نے عبدالباسط کو باضابطہ گرفتار کرلیاگیا۔  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بھانجی اور اس کے خاوند کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ملزمان  کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

Similar Posts