سینیٹ کا اجلاس پریذائیڈنگ افسر سینیٹر شیری رحمان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں گیس لیکیج دھماکہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
سینیٹر فلک ناز نے چھوٹے بچوں کی طرف سے سوشل میڈیا ایپس کے حد سے زیادہ اور بغیر نگرانی استعمال پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا مسئلہ ہے، اس پر قومی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔
پریذائیڈنگ افسر شیری رحمان نے کہا کہ یہ معاملہ اہمیت کا حامل ہے اسے آئی ٹی کمیٹی کو نہیں بھیجا جاسکتا، اس میں بہت ساری وزارتیں شامل ہیں، چیئرمین سینیٹ کی ہدایت پر اس معاملہ پر اسپیشل کمیٹی تشکیل دینی چاہئے۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ یہ بہت حساس نوعیت کا معاملہ ہے، اس پر وزارت قانون کو بھی رائے دینی ہوگی، میں سمجھتی ہوں اس حوالے سے ایک اسپیشل کمیٹی بنائی چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے نو منتخب سینیٹر عابد شیر علی نے حلف اٹھا لیا، وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے سینیٹ میں انتقال ریلویز ترمیمی بل 2025 پیش کیا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ سینیٹ کا اجلاس پیر شام 4 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔