وزیر خزانہ نے مہنگائی پر قابو نہ پانے اور ایف بی آر میں بدعنوانی کا برملا اعتراف کیا، بیرسٹر سیف

0 minutes, 0 seconds Read

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے حالیہ اعترافی بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ نے مہنگائی پر قابو نہ پانے اور ایف بی آر میں بدعنوانی کا برملا اعتراف کیا ہے، جو حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھولنے کے لیے کافی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر خزانہ ایک ذمہ دار شخصیت ہیں، جنہوں نے خود ہی عوام کے سامنے جعلی حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی حقیقت بیان کر دی ہے۔

صوبائی مشیر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایک صفحے پر دکھائی نہیں دیتے، جس سے حکومت کی ناتجربہ کاری اور اندرونی خلفشار واضح ہو گیا ہے۔

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب کم از کم شہباز شریف کی آواز کو موبائل کی رنگ ٹون سے ہٹا دینا چاہیے، کیونکہ عوام اس آواز سے اتنے تنگ آ چکے ہیں کہ انہوں نے ایک دوسرے کو کال کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مارکیٹوں میں خریداری جب شہباز شریف کی رنگ ٹون بجتی ہے تو لوگ غصے میں آ جاتے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت اور اس کے کھوکھلے دعوے اب مزید نہیں چلیں گے، عوام کو حقیقی ریلیف کی ضرورت ہے، نہ کہ طفل تسلیوں اور دکھاوے پر مبنی بیانات کی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور فوری طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔

Similar Posts