جماعت اسلامی کے زیر اہتمام آج کراچی میں غزہ کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ”غزہ ملین مارچ“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مارچ آج شام 4 بجے شہر کی مرکزی شاہراہ فیصل پر ہوگا، جس میں شہر بھر سے قافلوں کی صورت میں شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔
غزہ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کریں گے، جبکہ مرکزی خطاب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کریں گے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے کراچی کے مختلف اضلاع میں استقبالیہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے قافلے روانہ ہوں گے۔
مارچ کے دوران بلوچ کالونی پل سے شاہراہ فیصل تک ریلی نکالی جائے گی، جس میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ انتظامیہ نے خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ ٹریکس مختص کیے ہیں تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر منعم ظفر خان نے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے بھرپور شرکت کریں اور دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستانی عوام فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
ٹریفک پلان جاری
ٹریفک پولیس کراچی نے غزہ ملین مارچ کے سلسلے میں ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ متبادل راستے اختیار کریں تاکہ کسی زحمت سے بچا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ایف ٹی سی سے ایئرپورٹ جانے والے افراد کورنگی روڈ یا سندھی مسلم سے اللہ والی چوک ہوتے ہوئے یونیورسٹی روڈ کا راستہ اپنائیں۔ ایئرپورٹ سے صدر جانے والے شہری ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ استعمال کریں۔ کارساز سے آنے والے شہری بلوچ کالونی برج سے ایکسپریس وے کا راستہ اختیار کریں۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ مارچ کے دوران امن و امان اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔