میانمار میں اتوار کے روز ایک اور زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ یورپی-بحیرہ روم زلزلہ مرکز (EMSC) کے مطابق زلزلہ زمین کی سطح سے 35 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔
اس سے قبل جمعے کو بھی میانمار میں 4.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جو محض 10 کلومیٹر کی گہرائی پر تھا، جس کے باعث آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔
میانمار اکثر خطرناک زلزلے کے واقعات کا شکار کیوں ہوتا ہے؟
رپورٹ کے مطابق 28 مارچ کو آنے والے تباہ کن زلزلے کے بعد سے اب تک میانمار اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں 468 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
28 مارچ کو میانمار میں 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس نے ملک میں تباہی مچا دی تھی۔ اس زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 3,550 افراد ہلاک اور لگ بھگ 5,000 زخمی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ میانمار اس وقت سیاسی بحران اور خانہ جنگی سے دوچار ہے، جہاں 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد حالات مزید ابتر ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق ملک میں تقریباً دو کروڑ افراد کو انسانی امداد کی فوری ضرورت ہے۔