آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ ٹی 20 میں سڈنی سکسرز کے بیٹر اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم نے شاندار 141 رنز کی شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو سڈنی تھنڈر کے خلاف کامیابی دلوادی۔ تاہم میچ کے دوران پاکستانی اسٹار بابر اعظم اوور کی آخری گیند پر ساتھی بیٹر اسٹیو اسمتھ کے سنگل لینے سے انکار پر ناخوش دکھائی دیے۔
کیا بگ بیش ٹیموں کا پاکستانی کھلاڑیوں پر اعتماد کم ہونے لگا ہے؟ سڈنی سکسرز کے کپتان اسٹیو اسمتھ نے بابر اعظم کو اسٹرائیک نہ دینے کے لیے آخری بال پر سنگل سے گریز کیا۔
جمعے کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے بگ بیش لیگ کے میچ میں شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جہاں سڈنی سکسزرز نے سڈنی تھنڈر کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس میچ میں سڈنی سکسزرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان ڈیوڈ وارنر کی شاندار سنچری کی بدولت 189 رنز بنائے، یہ وارنر کی بگ بیش لیگ میں تیسری سنچری تھی۔
جواب میں سڈنی تھنڈر اگرچہ پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی تھی تاہم ٹیم نے سکسزرز کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی بھرپور کوشش کی۔ اس موقع پر اسٹیو اسمتھ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو بگ بیش لیگ کی تاریخ کی مشترکہ دوسری تیز ترین سنچری ہے۔
میچ کے دوران اسٹیو اسمتھ اور بابر اعظم کے درمیان تنازع سامنے آیا، بابر اعظم اس وقت واضح طور پر ناخوش نظر آئے جب ان کے ساتھی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ نے سڈنی تھنڈر کے خلاف بیٹنگ کے دوران اوور کی آخری گیند پر بابر کے شاٹ پر سنگل لینے سے انکار کر دیا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سڈنی سکسرز کی اننگز کے 11ویں اوور کی آخری گیند پر بابر نے اسٹروک کھیلا لیکن اسمتھ نے سنگل لینے سے انکار کیا تاکہ اگلے اوور میں وہ بولر کا سامنا کرسکیں۔
بابر اعظم 11 ویں اوور میں مسلسل 3 ڈاٹ بالز کھیل چکے تھے اور آخری گیند پرسنگل لے کر اگلے اوور میں دوبارہ اسٹرائیک لینے کے خواہاں تھے تاہم اسمتھ کی جانب سے سنگل رن لینے کے انکار پر بابر نے مایوسی کا اظہار کیا۔ البتہ اسٹیو اسمتھ نے اگلے اوور میں 4چھکے اور چوکے کی مدد سے اوور میں 32 رنز بٹورے۔
اسمتھ نے 42 گیندوں پر برق رفتار 100 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔ یوں سڈنی سکسرز نے سڈنی تھنڈرز کا 190 رنز کا ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں پورا کرلیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بگ بیش لیگ میں میلبورن رینیگیڈز کے کپتان نے سست بیٹنگ کرنے پر محمد رضوان کو دوران بیٹنگ میدان سے باہر بلا لیا تھا۔
واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر اس معاملے پر شدید ردعمل سامنے آیا، جہاں صارفین نے بابر اعظم کے ساتھ پیش آنے والے رویے پر بحث کی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل محمد رضوان کو بھی بگ بیش لیگ میں ریٹائر آؤٹ کیے جانے پر اسی نوعیت کی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا۔